حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ اور ڈیزل کی قیمت میں کم کا اعلان کر دیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپیہ 19 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ 91 پیسے کی کمی کر دی گئی ہے۔
اعلان کردہ نئی قیمتوں کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 394 روپے 83 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 395 روپے 85 پیسے ہو گئی۔
اوگرا نے حکومتی پٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت 7 اکتوبر 2026 کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین 6 اکتوبر کے لیے کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 393 روپے 64 پیسے ہوئی۔
اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 88 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد ڈیزل 397 روپے 76 پیسے فی لیٹر کی قیمت پر آ گیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں روزانہ کی بنیادوں پر قیمتوں میں تبدیلی کی جاتی ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں کمی
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 88.06 ڈالر فی بیرل پر موجود ہے، اس کی قیمت میں 1.37 ڈالر یعنی 1.53 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ برینٹ خام تیل 98.02 ڈالر فی بیرل پر ہے اور اس کی قیمت میں 2.30 ڈالر یعنی 2.29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح مربان خام تیل 104.80 ڈالر فی بیرل ہے اور اس کی قیمت میں 4.28 ڈالر یعنی 3.92 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ قدرتی گیس کی قیمت میں 1.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


