بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے تینوں بین الاقوامی فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ ان کی کپتانی کا دور گزشتہ سال بھارت کو ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا پہلا ٹائٹل جتوانے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔
ویمنز ٹیم کی کپتان 37 سالہ ہرمن پریت کور نے منگل کو انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ آسان فیصلہ نہیں تھا، تاہم انہیں یقین ہے کہ بھارتی ٹیم مضبوط پوزیشن میں ہے اور اب وہ اپنی توجہ اس کھیل پر مرکوز کرنا چاہتی ہیں جس سے انہیں محبت ہے۔
ہرمن پریت نے بطور کپتان بھارت کی جانب سے 5 ٹیسٹ، 51 ون ڈے اور 155 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی۔ بطور کپتان ان کی آخری ذمہ داری گزشتہ ماہ ایشین گیمز میں سامنے آئی، جہاں انہوں نے بھارت کو مسلسل دوسرا گولڈ میڈل جتوایا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل انہوں نے بھارتی نائب کپتان سمرتی مندھانا اور ہیڈ کوچ امول مزومدار کے ہمراہ گوہاٹی میں بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا سے ملاقات کی تھی، جس میں ویمنز ٹیم کے مستقبل کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ہرمن پریت نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کپتانی کے دوران انہوں نے ٹیم کے لیے اپنی ذاتی خواہشات اور کھیل کے بعض پہلوؤں کی قربانی دی اور بطور کپتان مشکل فیصلے اس مقصد کے تحت کیے کہ بھارتی ویمنز کرکٹ کو آگے بڑھانے میں مدد ملے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جذبات سے بھرے دل کے ساتھ کپتانی چھوڑ رہی ہیں، تاہم انہیں سکون ہے کیونکہ بھارتی ٹیم میں ٹیلنٹ، کردار، یقین اور روشن مستقبل موجود ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی ویمنز ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیاں حالیہ مہینوں میں اس وقت تیز ہوئی تھیں جب بھارت جون میں مسلسل دوسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہوگیا تھا۔ قیادت کے معاملے پر بھارتی سلیکشن کمیٹی میں مبینہ اختلافات کی بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
View this post on Instagram
سمرتی مندھانا کو ہرمن پریت کور کی ممکنہ جانشین کے طور پر مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔ انہوں نے بطور کپتان رائل چیلنجرز بنگلورو کو 2024 اور 2026 میں ویمنز پریمیئر لیگ کے ٹائٹلز جتوائے ہیں۔
ہرمن پریت نے پہلی مرتبہ 2012 میں ٹی 20 فارمیٹ میں بھارت کی کپتانی کی تھی۔ 2018 میں انہوں نے متھالی راج کی جگہ بھارت کی مستقل ٹی 20 کپتان کی ذمہ داری سنبھالی اور اسی سال ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچایا۔ ان کی قیادت میں بھارت 2020 کے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کا رنر اپ بھی رہا۔
تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبرداری کے باوجود ہرمن پریت کے مختصر فارمیٹ میں کھیل جاری رکھنے کی توقع ہے۔ وہ آئندہ ویمنز پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی قیادت بھی کریں گی۔



