پنجاب کے ضلع قصور میں مبینہ طور پر زہریلی کھیر کھانے سے ماں، باپ اور3 بیٹوں کی ہلاکت کے کیس نے نیا رخ اختیار کرلیا جہاں پولیس نے مقتول قاسم علی کی بیٹی سمیت 4 افراد کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔
گزشتہ ماہ قصور کے علاقے چونیاں میں واقع گاؤں کنگن پور کے قریب آبادی ’خانکے‘ سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایک ہی خاندان کے 5 افراد گھر میں تیار کردہ کھیر کھانے کے بعد مبینہ طور پر بیمار ہوگئے ہیں۔ بعدازاں خاندان کے افراد کی مختلف تاریخوں میں دوران علاج اموات ہوئیں۔
موت سے قبل خاتون خانہ نے بتایا کہ کھیر میں چھپکلی گر گئی تھی تاہم انہوں نے اسے معمولی بات سمجھتے ہوئے چھپکلی کو نکال دیا اور کھیر خاندان کے افراد کو کھلا دی۔
واقعہ کا مقدمہ مقتول فیملی کے سربراہ قاسم علی کے بھائی اللہ دتہ کی مدعیت میں اپنی سگی بھتیجی غلام فاطمہ سمیت 3 نامزد ملزمان علی، لیاقت اور طفیل کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
درخواست گزارکے مطابق ملزم علی کے ساتھ خاندانی تنازع 2022 سے چلا آرہا تھا۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم علی نے ان کے بھتیجے عمران کے ساتھ بدفعلی کی کوشش کی تھی جس پر تھانے میں درخواست بھی دی گئی تھی۔ بعدازاں دونوں فریقوں کے درمیان صلح صفائی کرادی گئی تاہم خاندانی رنجش برقرار رہی۔
درخواست گزار کے مطابق مخالف فریق کے ساتھ تنازع کے دوران صلح کی کوششیں بھی کی گئیں لیکن معاملہ مستقل طور پر حل نہ ہوسکا۔ ان کا الزام ہے کہ ملزمان سابقہ رنجش کی بنیاد پر ان کے بھائی اور اہل خانہ کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔
درخواست میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے بھتیجی غلام فاطمہ کو ورغلایا اور اپنے ساتھ شامل کرلیا۔ ملزمان نے غلام فاطمہ کو گندم محفوظ رکھنے والی زہریلی گولیاں لاکر دیں جسے اس نے کھیر میں ملادیا جسے کھانے سے اس کا بھائی (لڑکی کا والد) قاسم علی،بھابھی (لڑکی کی ماں)حسنہ بی بی اور 3 بھیتجے (لڑکی کے بھائی) دم توڑ گئے جبکہ ایک بھیتجا معجزانہ طور پر بچ گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی بیٹی غلام فاطمہ اور علی نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر 2نامزد ملزمان لیاقت اور طفیل کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہے۔


