انڈر 19 ویمنز ٹی 20 سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے دی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے، جواب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 126 رنز بنا سکی۔ ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی دوسری شکست ہے۔
بنگلادیش کی اننگز
بنگلادیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور دوسرے ہی اوور میں صرف 4 رنز پر 2 وکٹیں گر گئیں۔ اچینا جنت ایمانتا اور نشیتا اختر نے اننگز کو سنبھالا، نشیتا نے 20 جبکہ اچینا نے 17 رنز بنائے۔ سعدیہ اسلام نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلا دیش کا اسکور 13.1 اوورز میں 88 رنز پر 5 وکٹیں تھا، تاہم سعدیہ اختر اور فرزانہ یاسمین مدھا نے چھٹی وکٹ کے لیے 51 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو 139 رنز تک پہنچا دیا۔ سعدیہ اختر 33 اور فرزانہ یاسمین 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے روزینہ اکرم نے 21 رنز دے کر 2 جبکہ ماہم نزاکت نے 22 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی ٹیم کا ہدف کا تعاقب
140 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو کومل خان اور روائل فرحان نے 69 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ کومل خان نے 29 گیندوں پر 36 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ روائل فرحان نے 29 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے شامل تھے۔
Bangladesh beat Pakistan by 13 runs in U19 Women’s T20 tri-series
Read more ➡️ https://t.co/9vy0QxwxeO
#PAKWvBANW | #BackOurGirls | #PakistanFutureStars
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 6, 2026
دونوں اوپنرز کے 10ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی اننگز دباؤ کا شکار ہوگئی۔ ذوفشاں ایاز نے 30 گیندوں پر 32 رنز بنا کر مزاحمت جاری رکھی، تاہم مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث پاکستان ہدف حاصل نہ کرسکا۔
بنگلادیش کی فرزانہ یاسمین نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ نشیتا اختر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اب تک کے نتائج اور آئندہ کا شیڈول
سیریز میں بنگلادیش کی یہ دوسری کامیابی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ بنگلا دیش اپنا اگلا میچ 8 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔
سیریز کے پہلے میچ میں 2 اکتوبر کو بنگلادیش نے پاکستان کو 30 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ 3 اکتوبر کو پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے ہرایا۔ 5 اکتوبر کو سری لنکا نے بنگلادیش کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور 6 اکتوبر کو بنگلادیش نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
سیریز کے آئندہ میچوں میں 8 اکتوبر کو بنگلادیش اور سری لنکا، 9 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا، 11 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلادیش، 12 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ آخری میچ 14 اکتوبر کو سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔



