عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو گئی۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 88.06 ڈالر فی بیرل پر موجود ہے، اس کی قیمت میں 1.37 ڈالر یعنی 1.53 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ برینٹ خام تیل 98.02 ڈالر فی بیرل پر ہے اور اس کی قیمت میں 2.30 ڈالر یعنی 2.29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح مربان خام تیل 104.80 ڈالر فی بیرل ہے اور اس کی قیمت میں 4.28 ڈالر یعنی 3.92 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ قدرتی گیس کی قیمت میں 1.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں پیٹرول کی قیمتیں تیزی سے کم ہورہی ہیں اور جنگ ختم ہوتے ہی قیمتیں “چٹان کی طرح” نیچے گریں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز سے اب ریکارڈ مقدار میں تیل گزر رہا ہے تاہم روس کی ریفائنریوں پر یوکرین کے حملوں اور بعض امریکی ریفائنریوں کی بندش نے خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔
رائٹرز کے مطابق عالمی منڈی میں آج تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک بڑی وجہ مشرق وسطیٰ سے خام تیل کی برآمدات میں بہتری اور جی سیون ممالک کی جانب سے ہنگامی ذخائر جاری کرنے کا فیصلہ بھی ہے۔
پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت
عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔ عالمی سطح پر قیمتیں گرتی ہیں تو اس کا اثر پاکستان میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمت پر بھی پڑتا ہے، اگر کمی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سستی ہو سکتی ہے، قیمتوں میں حتمی رد و بدل حکومت کرے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے 6 اکتوبر 2026 کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جس کے بعد قیمت 393 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 88 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد ڈیزل 397 روپے 76 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں روزانہ کی بنیادوں پر قیمتوں میں تبدیلی کی جاتی ہے۔



