پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم میں واپسی کے لیے بڑی شرط رکھ دی۔
کرسٹیانو رونالڈو گزشتہ ہفتے کوچ سے اختلافات کے بعد قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ گئے تھے، انہیں ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر بھی میدان میں نہیں اتارا گیا تھا جبکہ ڈنمارک کے خلاف میچ میں دوبارہ بینچ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد رونالڈو قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر سعودی عرب واپس چلے گئے۔
پرتگالی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اس وقت تک پرتگال کی نمائندگی نہیں کرنا چاہتے جب تک موجودہ ہیڈ کوچ جارج جیسس عہدے پر موجود ہیں۔
ٹیم میں رونالڈو کی واپسی کا دروازہ کھلا
دوسری جانب پرتگالی ٹیم کے ہیڈ کوچ جارج جیسس نے ٹیم میں رونالڈو کی واپسی کا دروازہ کھلا رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو اگلے انٹرنیشنل کال اپ میں قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں اور ہم دونوں کے درمیان بات چیت بھی ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا نے بھی رونالڈو اور کوچ کے درمیان پیدا ہونے والی صورتِحال کو غلط فہمی قرار دیا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کے سب سے زیادہ گول کرنے والے اور سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 2003ء میں پرتگال کے لیے ڈیبیو کیا تھا، وہ حال ہی میں کہہ چکے ہیں کہ موجودہ سال ممکنہ طور پر میرے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہو سکتا ہے۔
پرتگال فٹبال ٹیم کے 20 لاکھ انسٹا فالوورز کم
واضح رہے کہ کوچ کیساتھ مبینہ اختلافات کے بعد رونالڈو کے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑنے پر پرتگال کی ٹیم کے انسٹاگرام پر راتوں رات 20 لاکھ فالورز کم ہو گئے تھے۔
برطانوی اخبا دی سن کے مطابق رونالڈو نے رات 2 بجے پرتگال ٹیم کو چھوڑا، منتظمین نے صبح 10 بجے رونالڈو کا 7 نمبر ایک اور کھلاڑی کو دے دیا۔ جس پر دنیا بھر میں رونالڈو کے فینز میں شدید بے چینی اور غم و غصہ دیکھا گیا اور فینز نے پرتگال کی آفیشل ٹیم کے انسٹاگرام کو ان فالو کرنا شروع کر دیا۔
ٹیم چھوڑنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ مناسب وقت آنے پر پرتگالی عوام کو قومی ٹیم سے علیحدگی کی وجوہات کے بارے میں حقیقت سے آگاہ کروں گا۔ اب وقت ہے کہ میں پرتگال اور اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں کے لیے بغیر کسی استثنیٰ کے نیک خواہشات کا اظہار کروں۔



