بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے بھارت میں امن کی صورتحال سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
ایکس پر جاری بیان میں سنجے دت کا کہنا تھا کہ ان کے ریمارکس ایک اسکرپٹڈ گفتگو کا حصہ تھے اور انہیں مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا تھا، ان کا مقصد کسی فرد، برادری یا ادارے کی دل آزاری یا بے عزتی کرنا نہیں تھا۔
اداکار نے کہا کہ گفتگو کا انداز ان کی فلم “منا بھائی” کے مزاح اور طنز جیسا تھا، جس کے ذریعے وہ محبت، اپنائیت، اتحاد اور خیرسگالی کا پیغام دینا چاہتے تھے۔
سنجے دت نے معروف اداکار اور ٹی وی میزبان شیکھر سمن کے ٹاک شو ‘شیکھر ٹونائٹ’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ
اس ملک کے لوگ بہت اچھے ، محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔ یہاں امن ہونا چاہیے لیکن اب بھارت میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں ہوتا۔
I would like to clarify that it was never my intention to hurt, offend, or disrespect the sentiments of any individual, community, or institution.
My remarks were made in the context of a scripted conversation intended to be light-hearted and humorous. The spirit behind them was similar to the humour and satire seen in films like Munna Bhai, particularly the concept of ‘Gandhigiri,’ which was intended to convey a message of love, warmth, togetherness, and goodwill. Unfortunately, my words were interpreted outside of that intended context.
— Sanjay Dutt (@duttsanjay) October 4, 2026
بالی ووڈ اداکار کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، جس کے بعد اداکار نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ کو اصل گفتگو کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
سنجے دت کا یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں فلمی شخصیات کے سیاسی، سماجی اور حساس قومی معاملات پر دیے گئے بیانات سوشل میڈیا پر فوری طور پر بحث کا موضوع بن جاتے ہیں۔ خاص طور پر امن اور ملک کی موجودہ صورتحال سے متعلق تبصرے پر مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔
سنجے دت بالی ووڈ کے معروف اداکار ہیں اور منا بھائی ایم بی بی ایس اور لگے رہو منا بھائی جیسی فلموں میں اپنے منفرد مزاحیہ کرداروں کے باعث بھی شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نے حال ہی میں سعودی عرب کی فلم انڈسٹری میں فلم ’7 ڈاگز‘ کے ذریعے ڈیبیو کیا ہے۔ اس فلم میں انہوں نے اپنے دوست اور اداکار سلمان خان کے ساتھ مختصر کردار ادا کیا ہے۔



