بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی حالیہ ریکارڈنگ کے دوران پاؤں پھسلنے سے وہ گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کے گھٹنے پر چوٹ آگئی۔
83 سالہ اداکارنے پروگرام کے آغازمیں ناظرین کو اپنی چوٹ کے بارے میں بتایا اوربائیں گھٹنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روزریکارڈنگ کے دوران ان کا پاؤں پھسل گیا تھا، جس کے باعث وہ گر پڑے اورگھٹنے پرچوٹ لگی۔
امیتابھ بچن عام طور پر ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی ہر قسط کا ابتدائی مونولاگ کھڑے ہوکر کرتے ہیں، تاہم گھٹنے پر چوٹ کے باعث انہوں نے اس مرتبہ یہ حصہ بیٹھ کر پیش کیا۔
کھڑے ہونے میں دشواری، پروگرام کی میزبانی جاری رکھنے کا اعلان
اداکار نے بتایا کہ زخمی گھٹنے کی وجہ سے انہیں کھڑے ہونے میں کچھ دشواری محسوس ہورہی ہے، اسی لیے ابتدائی مونولاگ کے دوران بیٹھنا ان کیلئے زیادہ آسان ہے۔
تاہم امیتابھ بچن نے ناظرین کو فوری طور پر یقین دہانی کرائی کہ ان کی چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ پروگرام کے امیدواروں کے ساتھ گفتگو اور میزبانی کیلئے کھڑے ہوں گے، البتہ شو کے ابتدائی حصے کے دوران بیٹھ کر گفتگو کرنا ان کیلئے زیادہ آرام دہ ہے۔
اداکار کی گفتگو کے بعد اسٹوڈیو میں موجود ناظرین بھی ان کی صحت کے حوالے سے فکرمند دکھائی دیے اور انہوں نے امیتابھ بچن کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دو دہائیوں سے شو کی میزبانی
امیتابھ بچن گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے مقبول کوئز پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔
شو کی پہلی قسط 3 جولائی 2000 کو نشر ہوئی تھی اور اس وقت بھی میزبانی کی ذمہ داری امیتابھ بچن نے ہی سنبھالی تھی۔
وقت گزرنے کے ساتھ یہ پروگرام بھارتی ٹیلی ویژن کے مقبول ترین کوئز شوز میں شامل ہوگیا اور امیتابھ بچن کی میزبانی اس کی نمایاں خصوصیات میں شمار ہوتی ہے۔
حالیہ قسط میں گھٹنے کی چوٹ کے باوجود اداکار نے پروگرام کی ریکارڈنگ جاری رکھی اور امیدواروں کے ساتھ معمول کے مطابق گفتگو کی۔
ان کی جانب سے چوٹ زیادہ سنگین نہ ہونے کی وضاحت کے بعد پروگرام میں موجود ناظرین نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔



