معروف امریکی اداکارہ انجلینا جولی نےغزہ کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے وہاں ہونے والی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کردیں۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ غزہ میں امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1,381 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 300 بچے بھی شامل ہیں۔
جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 73,900 سے تجاوز کر چکی ہے۔ زخمیوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ، 75 ہزار ہے۔
امریکی اداکارہ نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ گوگل ارتھ پر دیکھا جاسکتا ہے کہ غزہ کے ساتھ کیا کیا گیا، غزہ کے پورے پورے محلے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں، گھروں، اسکولوں، جامعات، اسپتالوں اوربنیادی ڈھانچےکوتباہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردیوں سے قبل غزہ کے لوگوں کو رہائش اور ضروری انسانی امداد کی فراہمی اہم ہے،اسپتالوں کوطبی سامان اورلوگوں کوتعمیرنو کیلئے ضروری حالات فراہم کرنا بھی اہم ہے۔
دوسری جانب غزہ بورڈ آف پیس نے غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے 6 ماہ میں 2 ارب 45 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ پیش کر دیا۔ تاہم حکام نے تسلیم کیا ہے کہ اس منصوبے کا مستقبل غیر یقینی ہے کیونکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی شرائط پر اختلاف برقرار ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بورڈ حکام نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔
بورڈ آف پیس کے مطابق منصوبے میں غزہ کے بنیادی ڈھانچے اور معیشت کی بحالی کے لیے 66 پروگرام شامل ہیں، جو اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں تباہ ہو چکے ہیں۔

