وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے اگلے ماہ سکھرحیدر آباد موٹروے ایم 6 کی تعمیر شروع ہونے کی خوشخبری سنا دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 30برسوں سے التوا کا شکار موٹروے ایم 6کی تعمیر شروع ہونےجارہی ہے،اللہ تعالیٰ کا کرم ہےایم6 جیسےتاریخی منصوبے کوعملی شکل دینےکاموقع مل رہا ہے۔
تین دہائیوں کےانتظار کے بعد سکھر–حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کا کام اگلے ماہ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ ہمیں اس تاریخی منصوبے کو عملی طور پہ شروع کرنے کا موقع ملا۔ M-6 نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے لیے تجارتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کو نئی رفتار دے گی۔
ان شاء اللہ اس منصوبے کی سنگِ بنیاد کی تقریب میں صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صاحب، وزیراعلیٰ سندھ اور سندھ کابینہ کے تمام معزز اراکین کو خصوصی طور پر مدعو کریں گے۔— Abdul Aleem Khan (@abdul_aleemkhan) October 3, 2026
گزشتہ روزچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سکھر، حیدرآباد موٹروے اور کے فور منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق نے ان معاملات پر مایوس کیا ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایم 6 موٹروے سندھ سمیت پاکستان بھرمیں تجارتی سرگرمیوں کونئی رفتاردے گی،موٹروے ایم 6 ملکی معاشی ترقی اورعلاقائی رابطوں کےفروغ میں اہم کردارادا کرےگی۔
ایم 6کی سنگ بنیاد تقریب میں صدرمملکت اوربلاول بھٹوکوخصوصی مدعوکریں گے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اورصوبائی کابینہ کےاراکین کوبھی تقریب میں دعوت دینگے۔
عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ موٹروے ایم6 منصوبہ سندھ اورپاکستان کی ترقی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
’سیالکوٹ کرتار پور موٹروے پرفوری کام کا آغاز کرنے کی ہدایت‘
وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (nha) کو سیالکوٹ سے کرتار پور موٹروے کی تعمیر کے لیے فوری طور پر کام کا آغاز کرنے کی ہدایت بھی کردی۔نئی موٹروے کو ’’گرو نانک ایکسپریس وے‘‘کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کرتار پور ہائی وے کے گرد و پیش میں زائرین اور سیاحوں کی سہولت کے لیے تھری، فور اور فائیو سٹار ہوٹل بنائے جائیں گے۔اس کے علاوہ موٹروے پر بہترین ریسٹ ایریاز اور عالمی معیار کے شاپنگ مالز کی تعمیر بھی یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سکھ کمیونٹی کو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے لندن، کینیڈا اور امریکہ جیسے ممالک میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے گی اور این ایچ اے ان منصوبوں کو عالمی روڈ شوز میں بھی پیش کرے گا تاکہ عالمی سطح پر مارکیٹنگ کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیالکوٹ سے کرتار پور موٹروے نہ صرف سکھ زائرین کے لیے آسانی پیدا کرے گی بلکہ اس سے ملحقہ شہروں کے عوام کو بھی سماجی و معاشی فائدہ پہنچے گا۔خاص طور پر نارنگ منڈی اور بدو ملہی کے شہری اس جدید سفری سہولت سے براہ راست مستفید ہوں گے، جس سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

