وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ریگولیٹری اصلاحات کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے فروغ اور ریگولیٹری نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں، کاروبار میں آسانی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سازگار کاروباری ماحول کے بغیر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) میں اصلاحات کے ذریعے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے دیگر ریگولیٹری اداروں میں بھی ڈریپ کی طرز پر اصلاحات لائی جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کاروبار میں آسانی کے لیے آسان کاروبار ایکٹ ملک بھر میں نافذ کیا جائے، وزیراعظم کے مطابق آسان کاروبار ایکٹ سے کاروباری افراد کو یکساں سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے فروغ اور ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ… pic.twitter.com/mjvdtKYh8x
— Prime Minister's Office (@PakPMO) October 2, 2026
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ریگولیٹری اصلاحات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا وفد صوبائی حکومتوں کو ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے اعتماد میں لے، انہوں نے مشیر صنعت ہارون اختر خان کو صوبوں کے دوروں کے لیے وفد کی قیادت کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی کہ کابینہ کی منظور شدہ اصلاحات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔



