لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں پولیس نے نجی شادی ہال میں جاری 13 سالہ بچی کی رخصتی کی تقریب رکوا کر دولہا اور بچی کے والد سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
واضھ رہے کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے تحت لڑکے اور لڑکی دونوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر ہے جبکہ کم عمری کی شادی ناقابل ضمانت جرم ہے۔
قانون کے مطابق کم عمر بچے سے شادی کرنے والے بالغ شخص کو 2 سے 3 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے جبکہ ایسے نکاح کی اجازت دینے یا اسے روکنے میں غفلت برتنے والے سرپرست کو بھی یہی سزا دی جا سکتی ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کشمیری محلہ کے ایک شادی ہال میں کم عمر بچی کی شادی کی تقریب جاری ہے جس پر لیاقت آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریب رکوا دی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کا نکاح 4 اکتوبر کو پڑھایا گیا تھا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ لیاقت آباد میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ یونیسف کے مطابق پاکستان دنیا میں کم عمری کی شادیوں کی سب سے زیادہ تعداد رکھنے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے کم عمری کی شادی کے واقعات اکثر سامنے آتے ہیں جنہیں قانون سازی کے باوجود خاطرخواہ کنٹرول نہیں کیا جا سکا۔
یونیسف کے مئی 2025 میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ لڑکیوں کی شادی 18 سال کی عمر سے پہلے ہو چکی ہے جبکہ 48 لاکھ لڑکیوں کی شادی 15 سال کی عمر سے پہلے ہوئی۔
پنجاب کے ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے 2024 کے مطابق صوبے میں 20 سے 24 سال کی عمر کی 13.8 فیصد خواتین کی شادی 18 سال سے پہلے جبکہ 2.5 فیصد کی شادی 15 سال کی عمر سے پہلے ہوئی۔ یہ شرح 2017-18 کے سروے میں بالترتیب 14.6 اور 3.3 فیصد تھی۔
پنجاب کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ 2023-24 کے مطابق صوبے میں کم عمری کی شادی کے رپورٹ ہونے والے واقعات کی تعداد 2023 میں 45 تھی جو 2024 میں بڑھ کر 119 ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق 2024 میں لاہور میں بھی کم عمری کی شادی کے 8 واقعات پولیس کو رپورٹ ہوئے۔
