بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانیتی چوپڑا آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں اور ان کے ساتھ گزرے یادگار لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کردیئے۔
پریانیتی چوپڑا نے سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم ’شدھ دیسی رومانس‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں نیشنل فلم ایوارڈ جیتنے کی خبر پر سشانت بے حد خوش ہوئے تھے۔
اداکارہ کے مطابق وہ سشانت سنگھ راجپوت اور رشی کپور کے ساتھ فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ انہیں ہدایتکار کرن جوہر کی جانب سے ایوارڈ جیتنے پر مبارک باد کا پیغام موصول ہوا۔
پریانیتی چوپڑا نے بتایا کہ جیسے ہی سشانت کو اس کامیابی کا علم ہوا تو انہوں نے فلم کے سیٹ پر پول کے قریب رکھی کرسی پر کھڑے ہوکر خوشی سے سب کو بتایا کہ وہ نیشنل ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سشانت نے اس موقع پر انہیں گلے لگایا تو وہ جذباتی ہوگئیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ سشانت اگلے روز بھی فلم کے سیٹ پر یہ خبر سب کو بتاتے رہے۔ وہ ان کے لیے صرف ساتھی اداکار نہیں بلکہ ایک اچھے دوست اور حوصلہ بڑھانے والے ساتھی کی حیثیت رکھتے تھے۔
پریانیتی چوپڑا کے مطابق دونوں کے درمیان فلمی موضوعات کے علاوہ معاشیات اور دیگر علمی معاملات پر بھی گفتگو ہوتی تھی۔
وہ ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے تھے اور ان کی ایک اور فلم میں بھی ساتھ کام کرنے کی منصوبہ بندی تھی، تاہم یہ منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔
پریانیتی چوپڑا نے سشانت سنگھ راجپوت کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے اور دوستی کی یہ یادیں آج بھی ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہیں۔



