پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان 16 سال کے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں، ان کی واپسی کا اعلان فلم ساز وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ کے ذریعے کیا گیا ہے۔
فلم کی پروڈیوسرشازیہ وجاہت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں ریما خان کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ لیجنڈری اداکارہ کی 16 سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کا اعلان کرنا ان کے لیے اعزاز اور خوش قسمتی کی بات ہے جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا بھی باعثِ فخر ہے۔
View this post on Instagram
شازیہ وجاہت نے اپنی پوسٹ میں اداکارہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے فلم کا نام ’پنچھی پیارے‘ بتایا اور ساتھ ہی اعلان کیا کہ یہ فلم عیدالفطر 2027 پر ریلیز کی جائے گی۔
فلم کی ہدایات وجاہت رؤف دے رہے ہیں، جبکہ اسے شوکیس فلمز پیش کرے گی، تاہم فلم کی کہانی، ریما خان کے کردار اور دیگر کاسٹ سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
خیال رہے کہ ریما خان کا شمارپاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے 1990 کی دہائی میں اپنے فلمی کیریئرکا آغازکیا اورمتعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کی واپسی کی خبر نے فلمی شائقین میں خاصی دلچسپی پیدا کردی ہے۔


