ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو اہلیہ سیتی حسماہ محمد علی کے انتقال کے 2 روز بعد اسپتال میں داخل کرلیا گیا۔
مہاتیر محمد کے دفتر نے بدھ کو بتایا کہ 101 سالہ سابق وزیراعظم کو منگل کی رات کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں طبی نگرانی کے لیے داخل کیا گیا۔
مہاتیر محمد کے معاون صوفی یوسف کے مطابق انہیں مشاہدے کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، تاہم اسپتال میں داخلے کی وجہ واضح نہیں ہوسکی اور باضابطہ تشخیص کا انتظار ہے۔
سابق وزیراعظم کو دل کے مسائل کا سامنا رہا
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مہاتیر محمد کو ماضی میں دل کے مسائل کا سامنا رہا ہے اور وہ بائی پاس سرجریاں بھی کراچکے ہیں۔
انہیں حالیہ برسوں کے دوران کئی مرتبہ اسپتال میں داخل کیا جاچکا ہے۔ مہاتیر محمد کو آخری مرتبہ رواں سال جنوری میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جب گرنے کے باعث ان کے کولہے میں فریکچر ہوگیا تھا۔
مہاتیر محمد کا سیاسی سفر
مہاتیر محمد نے پہلی مرتبہ 1981 میں ملائیشیا کی وزارت عظمیٰ سنبھالی اور 2003 تک اس منصب پر فائز رہے۔ ان کے پہلے دور حکومت کے دوران ملائیشیا نے تیز رفتار صنعتی ترقی کا دور دیکھا اور ملک جنوب مشرقی ایشیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہوا۔
مہاتیر محمد نے 2018 میں سیاسی ریٹائرمنٹ سے واپسی کی اور اس وقت کے وزیراعظم نجیب رزاق کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے اپوزیشن اتحاد کی قیادت کی۔ نجیب رزاق کا نام اربوں ڈالر کے 1MDB مالی اسکینڈل سے منسلک رہا۔
2018 میں دوسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے بعد مہاتیر محمد دنیا کے معمر ترین وزیراعظم بن گئے تھے، تاہم ان کا دوسرا دور حکومت دو سال سے بھی کم عرصے تک جاری رہا۔ 2020 میں ان کا سیاسی اتحاد اندرونی اختلافات کے باعث ٹوٹ گیا، جس کے بعد ان کی دوسری وزارت عظمیٰ ختم ہوگئی۔
اہلیہ سیتی حسماہ کا 2 روز قبل ہی انتقال ہوا
مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسماہ محمد علی پیر کے روز 100 سال کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر اور صحت عامہ کے شعبے میں سرگرم کارکن تھیں۔مہاتیر محمد اور سیتی حسماہ کی شادی کو 70 سال ہوئے تھے۔
Kita kehilangan seorang ibu yang kasihnya menyentuh setiap jiwa. Budi, pesan dan senyuman Kak Hasmah akan terus hidup dalam ingatan. Selamat berehat di negeri abadi, Kak Hasmah. Al-Fatihah. pic.twitter.com/T07ikBPwXc
— Anwar Ibrahim (@anwaribrahim) September 29, 2026
اہلیہ کے انتقال کے بعد مہاتیر محمد واضح طور پر غمزدہ دکھائی دیے۔ ان کی اہلیہ کی آخری رسومات کے موقع پر بنائی گئی ایک ویڈیو ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی پوسٹ کی گئی۔
Saya tak sangka Hasmah meninggal dunia, kata Dr M#BeritaFMT https://t.co/5BbnVhQZ3L pic.twitter.com/39Xrnrjrer
— Free Malaysia Today (@fmtoday) September 29, 2026
ویڈیو میں مہاتیر محمد ملک کے سابق بادشاہ سے گفتگو کے دوران آبدیدہ دکھائی دیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ ان کی اہلیہ اسی روز انتقال کرجائیں گی۔

