لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں غیر ملکی کنسلٹنٹس کی تقرری کا امکان پیدا ہوگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ اور نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن گپٹل سے رابطہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی شان ٹیٹ سے بولنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے سابق اوپنر مارٹن گپٹل سے فیلڈنگ کنسلٹنٹ کے عہدے کے لیے مذاکرات کیے جارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مارٹن گپٹل کے ساتھ معاملات طے پانے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
شان ٹیٹ اس سے قبل 2022-23 میں تقریباً ایک سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں جبکہ حال ہی میں وہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق شان ٹیٹ تینوں فارمیٹس میں مستقل کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے وقت نہیں نکال سکتے۔
جبکہ خاندانی مصروفیات کے باعث انہوں نے بنگلادیش کی ٹیم سے بھی علیحدگی اختیار کی، اسی وجہ سے انہیں مستقل کوچ کے بجائے کنسلٹنٹ کے طور پر شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
ایشلے نوفکے کی جگہ خالی
دوسری جانب پاکستان کے وائٹ بال بولنگ کوچ ایشلے نوفکے نے 23 ستمبر 2026 کو اپنے عہدے سے علیحدگی اختیار کی۔
اسی روز انہیں نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا اعلان ہوا، جہاں ان کا ابتدائی معاہدہ 2028 کے اختتام تک ہے۔
نیدرلینڈز کی ٹیم ان کی زیرنگرانی 2027 ون ڈے اور 2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کوالیفکیشن مہمات میں حصہ لے گی۔
نوفکے کے جانے کے بعد پی سی بی نے بولنگ کوچ کی خالی اسامی کے لیے اشتہار جاری کردیا، جبکہ چند ہفتے قبل فیلڈنگ کوچ کی تقرری کے لیے بھی اشتہار دیا گیا تھا۔
اب بورڈ دونوں شعبوں میں غیر ملکی تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لیے شان ٹیٹ اور مارٹن گپٹل سے بات چیت کررہا ہے۔



