ابوظہبی: پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو 2026 کی ابوظہبی ٹی10 لیگ کے لیے یونائیٹڈ ٹائیگرز نے سائن کرلیا۔
نئی فرنچائز نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے فخر زمان کو 2026 کے سیزن کے لیے اپنا آئیکون پلیئر بنانے کی تصدیق کی۔
پاکستانی اوپنر بیٹرکی شمولیت سے یونائیٹڈ ٹائیگرز کے اسکواڈ کو تجربہ کارپاکستانی بیٹرکی خدمات حاصل ہوگئی ہیں۔
فخر زمان پاکستان کی جانب سے اب تک 3 ٹیسٹ، 92 ون ڈے انٹرنیشنل اور 120 ٹی20 انٹرنیشنل میچزکھیل چکے ہیں۔
یبٹر دنیا بھر میں مختلف ٹی20 فرنچائز لیگز کھیلنے کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں اورمختصر فارمیٹ میں جارحانہ بیٹنگ کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔
ابوظہبی ٹی10 میں نئی فرنچائزز کی آمد
رواں سال ابوظہبی ٹی10 لیگ کے ڈھانچے میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، ٹیموں اورفرنچائزملکیت کے لیے بولی کا عمل شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں نئی فرنچائزز سامنے آئیں۔
ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب نے لیگ کے اکثریتی ملکیتی اور کمرشل حقوق سنبھال لیے ہیں۔
7 نومبر سے ایکشن شروع ہوگا
2026 کی ابوظہبی ٹی10 لیگ 7 سے 20 نومبر تک زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
نئی ساخت کے تحت یہ لیگ ایک نئے دور میں داخل ہورہی ہے، جبکہ فرنچائزز نے بھی اپنے اسکواڈز کی تشکیل شروع کردی ہے۔
فخر زمان کی یونائیٹڈ ٹائیگرز میں شمولیت کے بعد پاکستانی اسٹار بیٹر کی ٹی10 لیگ میں کارکردگی پر شائقین کی نظریں مرکوز ہوں گی۔



