لاہور: بہاولپور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 میں 27 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کی درخواست پر پولنگ کے دوران سکیورٹی میں معاونت کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق این اے 168 میں پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس کی 10 ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جبکہ فوجی دستے علاقے میں پیٹرولنگ بھی کریں گے تاکہ پولنگ کے دوران سکیورٹی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
ضمنی انتخاب کے لیے رینجرز کی دو کمپنیاں بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہیں گی، رینجرز کے دستوں کی تعیناتی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے رینجرز کی تعیناتی کے لیے پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی متعلقہ دفعات اور انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 کے تحت قانونی اختیار استعمال کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی ہے۔
پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی میں معاونت
ذرائع کے مطابق فوج اور رینجرز کی تعیناتی پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی انتظامات میں معاونت کے لیے کی جا رہی ہے۔ تعیناتی کا مقصد پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنا اور ووٹرز، انتخابی عملے اور پولنگ اسٹیشنز کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔
این اے 168 بہاولپور-V میں ضمنی انتخاب کل 27 ستمبر 2026 کو ہوگا، الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ نشست سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، موجودہ مقابلے میں مسلم لیگ(ن) کے ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار چوہدری ولی داد چیمہ سمیت دیگر امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ سے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے اور پولنگ کے دوران قانون کے مطابق پرامن ماحول یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔



