پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں مشکوک ماہی گیر کشتی کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 750 ملین ڈالر کی منشیات پکڑ لی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے تحت مشکوک ماہی گیر کشتی پر آپریشن کیا گیا، آپریشن پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے بحیرہ عرب میں کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معمول کی گشت کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ایک مشکوک کشتی کو روکا، تلاشی کے دوران کشتی کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کر لی گئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی، ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750 ملین ڈالر ہے۔
پاک بحریہ کا بحری سلامتی کے تحفظ ، اسمگلنگ کیخلاف کارروائیوں کے عزم کا اعادہ
کامیاب آپریشن پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے دونوں جہازوں کے عملے کو سراہا۔ جبکہ پاک بحریہ نے سمندر میں بحری سلامتی کے تحفظ اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تین روز قبل پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے پیشوکان میں مشترکہ آپریشن کرکے اسمگل شدہ شراب اور غیر قانونی ادویات برآمد کر لی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات پر میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی معاونت سے کی گئی، برآمد ممنوعہ سامان پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے ہمہ وقت تیار اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔
وزیراعظم کی پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بحیرہ عرب میں 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرنے پر پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان نیوی کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور نگرانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان نیوی کا کردار اہم ہے۔


