عمران خان کا وفاقی کابینہ مختصر رکھنے کا فیصلہ

دہشت گردی کا مقصد انتخابات کو نقصان پہنچانا ہے، عمران خان | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حکومت سنبھالنے کے بعد اپنی کابینہ کا حجم مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے یہ فیصلہ سادگی اور کفایت شعاری اپنانے کے اعلان پر عمل درآمد کے لیے کیا ہے، وفاقی کابینہ میں پہلے مرحلے پر 15 سے 20 وزرا کو شامل کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کابینہ میں وفاقی وزرا کی تعداد زیادہ اور وزرائے مملکت کی تعداد کم ہو گی، کابینہ کی اولین ترجیح سادگی اور کفایت شعاری ہو گی۔

قبل ازیں عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ نہ ہی اپنے لیے کسی قسم کا شاہانہ پروٹوکول لیں گے اور نہ ہی اپنے کسی وزیر کو ایسا کرنے کی اجازت دیں گے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ ایک خطاب میں اس بات کا عندیہ بھی دے چکے ہیں کہ وہ خود وزیرِ اعظم ہاؤس کے بجائے پارلیمنٹ لاجز یا اسپیکر ہاؤس میں رہیں گے، اسی طرح انہوں نے تمام گورنر ہاؤسز کو جامعات میں تبدیل کرنے اور انہیں عوام کے لئے کھولنے کے وعدے بھی کیے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں