مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے گی اور کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران نومنتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نجیب اور ان کے خاندان کی آزاد کشمیر کے لیے بے شمار خدمات ہیں، جبکہ مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے معاملات کو ڈاکٹر نجیب نقی سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ریاست میں سابق دور حکومت کی انتظامیہ ہی کام کر رہی ہے اور ابھی تک کسی کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ تعلیمی پیکیج پر اعتراضات کے باعث کمیٹی قائم کی گئی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے جامع پالیسی لائی جا رہی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے پونچھ کے 7 حلقوں میں انتخابات نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حلقوں میں جلد انتخابی عمل مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آزاد کشمیر کے نومنتخب صدر نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اس سے قبل نومنتخب صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ نئے صدر کے انتخاب کے لیے آج ہونے والی ووٹنگ میں ڈاکٹر نجیب نے 32 ووٹ لیے جبکہ ان کے مد مقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے حصے میں 13 ووٹ آئے۔
وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے اور “امید ہے ڈاکٹر نجیب نقی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔”
پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔



