پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کے مرحلے کا آغاز کردیا ہے اور سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
عرب اخبار الشرق الأوسط کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے عملی مرحلے میں داخل ہونے اور اس کی اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کے لیے ضروری ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے سعودی عرب کے اندر متفقہ فوجی دستوں اور عسکری صلاحیتوں کی فوری تعیناتی ممکن ہو سکے۔
ان کے بقول ان اقدامات میں تیاری کے مرحلے کو بڑھانا، عسکری ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور خالصتاً دفاعی نوعیت کی کارروائیوں کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو مربوط بنانا شامل ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 7 اگست کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ”مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد“ معاہدہ طے پایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کسی ایک رکن ملک کے خلاف جارحیت تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کی جائے گی۔ معاہدے کے بعد سے یمن کے حوثیوں کی جانب سے نہ صرف بحیرہ احمر کی ساحلی پٹی پر قبضہ کر کے آبنائے باب المندب سے تیل کی سپلائی متاثر کی بلکہ سعودی عرب کے متعدد شہروں پر بھی حملے کیے جاچکے ہیں۔
انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور مکہ معاہدے کی بنیاد اور موجودہ حالات کے تناظر میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سعوعی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اسلام آباد کا عزم ”غیر متزلزل اور ناقابلِ سمجھوتہ“ ہے۔
’سعودی عرب میں فوجی دستے پہلے سے موجود ہیں‘
سعودی عرب میں پاکستانی فورسز اور عسکری صلاحیتوں سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوجی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں اور مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں جن میں بنیادی فرائض میں دفاعی معاونت فراہم کرنا، فوج مشقوں اور تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور عسکری نقل و حرکت شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد فوجی اہلکاروں، عسکری صلاحیتوں، تریبت یا لاجسٹک معاونت جیسے معاملات میں دفاعی مقاصد کے لیے کسی بھی قسم کی ضروری خدمات فراہم کرتا رہے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق اسلام آباد دفاعی مقاصد کے لیے ہر طرح کی مطلوبہ معاونت، خواہ وہ فوجی اہلکاروں کی صورت میں ہو، عسکریت صلاحیتوں، تریبت یا لاجسٹک امداد کی شکل میں، فراہم کرتا رہے گا۔
فوجی موجودگی میں اضافے یا فضائی اور میزائل دفاعی نظام سمیت اضافی عسکری صلاحیتوں سے متعلق سوال کے جواب میں احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ ضروری معاونت کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ان کے بقول فوجی اتحاد دستوں کی تعداد، ان کی تعیناتی کے مقامات کی تفصیلات فراہم نہیں کرتا۔
مشترکہ اتحاد کے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے عسکری اقدامات سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر نے وضاحت کی کہ مکہ دفاعی معاہدے کی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کے مرحلے کا آغاز سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہروں، شہری اور اقتصادی انفراسٹرکچر پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان کے بقول یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے براہِ راست خطرے سمیت خطے کے استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بھی خطرہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پیر آر کے مطابق ان حملوں پر پاکستان میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ”سعودی عرب اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔“
انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کرنے، کشیدگی میں کمی لانے اور سفارتی طریقوں سے مسائل کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مزید کشیدگی کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔
ایران کے ساتھ بات چیت
انہوں نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد اور ایران کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون بڑھانے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے بقول اس ملاقات میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت اور اس سے قبل دورہ تہران، علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کے فروغ اور پُرامن سفارتی ذرائع اختیار کرنے کے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
مشترکہ اسٹریٹجک معاہدے اور مکہ دفاعی معاہدے میں فرق کی وضاحت
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ سال ستمبر میں اعلان کردہ ”مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ“ اور رواں سال اگست میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا ”مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد“ کے فرق کی وضاحت کرتے ہوئے احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دو طرفہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے لیے ایک لائحہ عمل فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دوسری جانب مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ایک سہ فریقی معاہدہ ہے جس کے تحت اجتماعی دفاع، مشترکہ تیاری اور رابطوں کو مربوط بنانے کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔



