گوگل کے تحت ’ڈیجیٹل صحافت‘ پروگرام کے دو سال مکمل ہونے پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد ہوا۔ ستمبر 2024 میں شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت پاکستانی صحافیوں اور شعبۂ صحافت کے طلبہ کو گوگل کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹولز کے استعمال کی تربیت دی گئی تاکہ وہ معلومات کی تصدیق، کام کی رفتار اور استعداد میں اضافے اور نیوز رومز میں پائیدار صحافتی طریقۂ کار کو فروغ دے سکیں۔
تقریب میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت، بین الاقوامی تعاون اور خصوصی اقدامات علی ڈار اور میڈیا انڈسٹری کی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں ہم نیٹ ورک کی بانی اور چیئرپرسن سلطانہ صدیقی اور ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر درید قریشی بھی شامل تھے۔ گوگل کی جانب سے نیوز پارٹنرشپس، ایشیا پیسیفک کی منیجنگ ڈائریکٹر کیٹ بیڈو بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر پالیسی سازوں، سینئر صحافیوں، میڈیا اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں اور پروگرام کے شرکاء نے بھی شرکت کی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت، بین الاقوامی تعاون اور خصوصی اقدامات علی ڈار نے کہا، ”کوئی بھی حکومت یہ کام تنہا نہیں کر سکتی۔ اس مقصد کے لیے گوگل، ٹیک ویلی، جامعات اور میڈیا اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ میرے نزدیک یہی ایک ایسے پاکستان کی عکاسی کرتا ہے جو مستقبل کے تقاضوں کو سمجھتا اور ان کے لیے تیار ہے۔“
اے آئی کے دور میں نیوز رومز کو بااختیار بنانا
مصنوعی ذہانت کے اس دور میں پاکستانی صحافیوں کے پاس اپنی صحافتی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے اور آن لائن مواد کی تصدیق کے عمل کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع موجود ہے۔ صحافیوں کو جدید اے آئی ٹولز تک عملی رسائی اور ان کے استعمال کی تربیت فراہم کرنے کے لیے گوگل نے ستمبر 2024 میں ’ڈیجیٹل صحافت‘ پروگرام شروع کیا۔
تعلیمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والے سماجی ادارے ٹیک ویلی کے اشتراک سے اس پروگرام کے تحت مرحلہ وار تربیتی ماڈل اپنایا گیا ہے، جس کے ذریعے ماسٹر ٹرینرز تیار کیے جاتے ہیں۔ یہ ٹرینرز ملک بھر میں صحافیوں، میڈیا سے وابستہ پیشہ ور افراد اور طلبہ کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔اس پروگرام کو صفِ اول کے میڈیا اداروں، سرکاری محکموں، بشمول پنجاب کے محکمہ اعلیٰ تعلیم، سندھ کے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سندھ و بلوچستان کے محکمہ اطلاعات، جبکہ نامور جامعات، مثلاً بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے تعاون سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

4 ہزار سے زائد صحافیوں کی تربیت
2024 سے اب تک ’ڈیجیٹل صحافت‘ پروگرام کے تحت پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 4 ہزار سے زائد صحافیوں، صحافت کے طلبہ اور میڈیا سے وابستہ پیشہ ور افراد، جبکہ 60 سے زائد ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔اس پروگرام کے 2025ء کے شرکاء کے جائزوں سے حاصل ہونے والے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ:
• 85 فیصد شرکاء اپنے روزمرہ کے کاموں میں گوگل کے اے آئی ٹولز استعمال کر رہے ہیں۔
• تقریباً 68 فیصد شرکاء نے روزمرہ کے کاموں میں اپنے وقت کا 25 فیصد سے زائد بچانے کی اطلاع دی۔
• شرکاء کے مطابق اے آئی ٹولز استعمال کرنے کے حوالے سے ان کے اعتماد میں 260 فیصد اضافہ ہوا۔
گوگل کی نیوز پارٹنرشپس، ایشیا پیسیفک کی منیجنگ ڈائریکٹر کیٹ بیڈو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”مجھے ڈیجیٹل صحافت پروگرام کے اثرات اور کامیابیوں پر فخر ہے۔ یہ دیکھنا حوصلہ افزا ہے کہ پاکستان بھر کے صحافیوں نے نہ صرف اے آئی کو اپنایا ہے بلکہ اسے اپنے کام کا باقاعدہ حصہ بھی بنا لیا ہے۔ اس پیش رفت سے ایشیا پیسیفک خطے میں نیوز انڈسٹری کے ساتھ ہماری شراکت داری اور کوششوں کو مزید تقویت ملتی ہے۔“
