امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ نے ’ناجائز تعلقات‘ کے الزامات اور شدید تنقید کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق این ویڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جینسن ہوانگ کمپنی کی صدارت اور چیف آپریٹنگ افسر (سی ای او) کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
اس سے قبل چپ ساز کمپنی این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں ہوانگ کے مستقبل پر غور کیا گیا۔
ہوانگ کا شمار چپ سازی اور مصنوعی ذہانت کی دوڑ سے جڑی نمایاں شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان پر دو خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کرنے کا الزام تھا، جن میں سے ایک سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو ایلس ہوانگ ہیں، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ چینی انٹیلی جنس اداروں سے منسلک ہیں۔
تاہم ہوانگ نے اتوار کو کمپنی کے ملازمین کے نام ایک خط میں اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی بیوی سے بے وفائی کی اور وہ بیوی کا اعتماد توڑنے پر معذرت خواہ ہیں۔
ہوانگ کے استعفیٰ کے اعلان کے بعد این ویڈیا کے مارکیٹ شیئرز 13 فی صد گر گئے ہیں اور جولائی 2025 کے بعد پہلی مرتبہ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 4 ٹریلین ڈالر سے نیچے آگئی ہے۔
ہوانگ کے استعفے کے بعد این ویڈیا کی چیف فنانشنل افسر کولیٹ کریس کو کمپنی کا قائم مقام سی ای او تعینات کر دیا گیا ہے اور وہ نئے سربراہ کی تعیناتی تک دونوں پوزیشنز پر خدمات انجام دیتی رہیں گی۔
معاملہ شروع کہاں سے ہوا؟
رائٹرز کے مطابق امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی خاتون سے تعلقات تھے جو سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو رہ چکی ہیں۔ امریکی حکام نے ایلس ہوانگ کی تحقیقات کی تھیں اور انہیں چینی انٹیلی جنس کا اثاثہ قرار دیا تھا۔
میگاسپیڈ این ویڈیا سے مصنوعی ذہانت کے لیے چِپس خریدتی ہے۔ امریکی حکام اس کمپنی کی بھی اس شبہ میں جانچ کر چکے ہیں کہ اس نے بیجنگ کو ایسی جدید اے آئی چِپس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دی جن کی چین کو ترسیل پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔
ہوانگ کا اعتراف اور کمپنی کی تحقیقات
رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف اور اپنے اقدامات کی مکمل ذمہ داری قبول کی تھی۔ ہوانگ کا کہنا تھا کہ اُن کے عمل سے اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
اس پیش رفت کے بعد این ویڈیا کے بورڈ نے آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل کمیٹی کے ذریعے تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ اسے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ امریکی قومی سلامتی یا این ویڈیا کے تجارتی رازوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ہوانگ نے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون اور کمپنی کی قیادت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
این ویڈیا اور اس کے سربراہ کی اہمیت کیا ہے؟
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ جینسن ہوانگ نے 1993 میں کرس ملاکوسکی اور کرٹس پریم کے ساتھ مل کر این ویڈیا کی بنیاد رکھی تھی اور تب سے وہ کمپنی کی قیادت کر رہے ہیں۔

کمپنی ابتدا میں ویڈیو گیمز کے گرافکس کے لیے چِپس تیار کرتی تھی تاہم ہوانگ کی قیادت میں اس نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اور آج اے آئی پروسیسرز کی دنیا کی نمایاں ترین فراہم کنندہ بن چکی ہے۔
رائٹرز کے مطابق 2022 کے اواخر میں چیٹ جی پی ٹی متعارف ہونے کے وقت این ویڈیا کی چِپس پہلے ہی مصنوعی ذہانت کی کمپیوٹنگ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے اہم مقام حاصل کرچکی تھیں۔ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو نومبر 2022 میں تقریباً 420 ارب ڈالر تھی جو 6 نومبر 2026 تک بڑھ کر 4.5 ٹریلین ڈالر ہوگئی تھی۔
امریکی کانگریس بھی متحرک
جینسن ہوانگ کا معاملہ امریکی کانگریس تک بھی پہنچا جہاں ایوانِ نمائندگان کی اہم کمیٹیوں کے ری پبلکن سربراہان نے 4 نومبر کو جینسن ہوانگ کو خط لکھ کر رواں ماہ کانگریس کو بریفنگ دینے کے لیے طلب کیا تھا۔
خط میں ان سے 18 نومبر کو بند کمرے میں ہونے والی بریفنگ کے دوران چینی خاتون سے مبینہ تعلق، امریکی قومی سلامتی کو ممکنہ خطرات اور غیر ملکی جاسوسی سے بچاؤ کے لیے این ویڈیا کے سکیورٹی نظام سے متعلق سوالات کے جواب دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
این ویڈیا نے اس خط پر تبصرہ نہیں کیا تھا۔ تاہم کمپنی کا کہنا تھا کہ ہوانگ ہر سال ہزاروں صارفین کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہیں اور ایشیا میں کلاؤڈ سروسز فراہم کرنے والے صارفین کو معمول کی کاروباری معلومات دی جاتی ہیں نہ کہ کمپنی کے حساس تجارتی راز یا امریکی قومی سلامتی سے متعلق معلومات۔
کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ اسے امریکی حکومت کی جانب سے مشتبہ افراد اور اداروں کے بارے میں معلومات ملتی رہتی ہیں اور وہ اس کے مطابق کارروائی کرتی ہے۔
دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے جاسوسی کے بیانیے کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔ رائٹرز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ چین سے متعلق جاسوسی کا یہ بیانیہ محض بے بنیاد الزام، بہتان اور کردار کشی ہے۔
ٹرمپ، ایلون مسک اور معروف سرمایہ کاروں کا ردعمل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جینسن ہوانگ کو قابلِ احترام شخص قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ان سے الزامات کے بارے میں بات نہیں کی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہوانگ نے امریکا کے لیے غیر معمولی کام کیا ہے اور ممکن ہے کہ ان کے پاس اپنی وضاحت ہو، اس لیے ان کی بات بھی سنی جانی چاہیے۔


