ملک بھر میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینتل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے تحت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لئے ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ آج منعقد ہو رہا ہے۔
ٹیسٹ کیلئے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 160 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے ہیں،امتحان پاکستان کے 34 اور ایک بین الاقوامی مرکز سعودی دارالحکومت رياض میں ہو گا۔ پنجاب میں 49 ، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار اور سندھ میں 34 ہزار سے زائد طلبہ ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔
امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے قبل امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہو گی اور تمام امیدواروں کو ٹیسٹ کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہو گا۔ امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو ساتھ لانے پر پابندی ہو گی۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق پنجاب میں ٹیسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کو تفویض کی گئی ہے جبکہ سندھ میں سکھر آئی بی اے، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی ،بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ اور اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان کی ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے سپرد کی گئی ہے۔
ریاض میں امتحان کی ذمہ داری ایس زیڈ اے بی ایم یو اسلام آباد کے سپرد
ریاض (سعودی عرب) میں امتحان شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام لیا جائے گا، بلوچستان کے طلبہ کیلئے اسلام آباد میں اضافی ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق اضافی امتحانی مرکز سے بلوچستان ڈومیسائل کے حامل امیدوار مستفید ہوں گے،آزاد کشمیر کے طلبہ کیلئے ایم ڈی کیٹ کا الگ پورٹل قائم کیا گیا ہے، انٹرنیٹ مسائل کے باعث آزاد کشمیر کے طلبہ کو ایم ڈی کیٹ کی ہارڈ کاپی فراہم کی جائے گی، آزاد کشمیر کے طلبہ کیلئے اسلام آباد میں بھی خصوصی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔
پیپر لیک ہونے کی صورت میں پورے ملک کا امتحان منسوخ ہونے کا خدشہ ختم
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا پیپر 180 سوالات پر مشتمل ہو گا، ایم ڈی کیٹ کے سوالات ملک بھر سے منتخب ماہرین نے تیار کیے ہیں، پیپر لیک ہونے کی صورت میں پورے ملک کا امتحان منسوخ ہونے کا خدشہ بھی ختم ہو گیا ہے کیونکہ پیپر لیک کی صورت میں پورے ملک کا امتحان منسوخی سے بچانے کیلئے ہر صوبے کو 2 الگ پرچے فراہم کئے گئے ہیں۔
ایم ڈی کیٹ پیپر میں بائیولوجی، کیمسٹری، فزکس، انگریزی اور آئی کیو کے سوالات شامل ہوں گے، 3 گھنٹے کا ایم سی کیوز پر مشتمل ٹیسٹ 180 مارکس کا ہو گا،میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے پاسنگ مارکس 55 فیصد اور ڈینٹل کالجز کیلئے 50 فیصد ہوں گے، ٹیسٹ میں کوئی نیگیٹیو مارکنگ نہیں ہو گی۔



