نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے لندن سے نیو یارک پہنچے۔ وہ 25 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
شہباز شریف اجلاس کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے 3 روز لندن میں قیام کیا اور لندن میں قیام کے دوران وہ اپنے فلیٹ میں ہی موجود رہے، شہباز شریف نے لندن میں کوئی سیاسی ملاقات نہیں کی۔
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی امن اور مشرق وسطی حالات ، ثالثی پر پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالیں گے، وہ امریکا میں مقیم اورسیز بزنس فورم کے نمائندوں کے عشائیہ میں شرکت کریں گے جبکہ امریکہ سے واپسی پر بھی لندن میں قیام کریں گے۔
نائب وزیراعظم کی نیویارک میں اہم ملاقاتیں
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل باروٹ اور یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے فرانس اور یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ نائب وزیراعظم نے فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کے لیے فرانس کی کوششوں کو سراہا اور اسرائیلی بستیوں سے اشیا کی درآمد محدود کرنے کے فرانسیسی فیصلے کا خیرمقدم کیا۔



