نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں فرانس، یورپی یونین، مصر کے وزرائے خارجہ اور فلسطین کے اقوام متحدہ میں مستقل مبصر سفیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل باروٹ سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے پاکستان اور فرانس کے درمیان سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ نائب وزیراعظم نے فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کیلئے فرانس کی کوششوں کو سراہا اور اسرائیلی بستیوں سے اشیا کی درآمد محدود کرنے کے فرانسیسی فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کے مسئلے کو عالمی ایجنڈے میں ترجیحی حیثیت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار اور ژاں نوئل باروٹ نے فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کیلئے عالمی سطح پر مسلسل سفارتی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 met Minister for Europe and Foreign Affairs of France Jean-Noël Barrot @jnBarrot, on sidelines of the 81st Session of UNGA in New York.
Both sides reviewed Pakistan-France bilateral relations and… pic.twitter.com/EL6VpkwEpt
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 21, 2026
ملاقات میں ایران کی صورتحال اور خطے میں جاری چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران سے متعلق بحران کے حل کیلئے سفارتی روابط اور علاقائی کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس ضمن میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
پاکستان اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے بحری آمدورفت کی سلامتی، آزادانہ روانی اور بلا تعطل توانائی کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے اس امر کی اہمیت اجاگر کی گئی کہ بحری راستوں اور توانائی کی فراہمی میں کسی بھی ممکنہ تعطل کے وسیع تر معاشی اثرات سے بچنے کیلئے موثر اقدامات اور تعاون ضروری ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور مذاکرات و سفارت کاری کو فروغ دینے کیلئے علاقائی فورمز سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم کی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس سے ملاقات
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس سے ملاقات کی۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 met EU High Representative for Foreign Affairs and Security Policy/Vice-President of the European Commission Kaja Kallas @KajaKallas on sidelines of 81st UN General Assembly in New York today.… pic.twitter.com/dB1qS7RgGx
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 21, 2026
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بالخصوص تجارت اور اقتصادی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کا اہم شعبہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے تجارتی تعلقات میں جی ایس پی پلس کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے علاقائی صورتحال کے دوران پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کے تعمیری روابط کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر یورپی یونین کے کردار کی بھی تعریف کی۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کی راہ پر واپس آنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی معاملات کے پائیدار حل کیلئے سفارتی کوششوں اور باہمی مشاورت کو جاری رکھنا ضروری ہے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان موجودہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر تعاون جاری رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔
واضح رہے کہ رواں سال جون میں اسحاق ڈار اور کاجا کالاس نے اسلام آباد میں پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کی مشترکہ صدارت کی تھی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
وزیرخارجہ کی مصری ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Muhammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 met with Foreign Minister of Egypt H.E. Dr. Badr Abdelatty @EgyptForeignMin on sidelines of 81st Session of UN General Assembly in New York today.
The two Ministers reaffirmed the longstanding… pic.twitter.com/ve8Qrt5jC3
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 21, 2026
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، تعلیم، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، مشرق وسطیٰ اور ایران کی صورتحال سمیت علاقائی و عالمی امور بھی زیر بحث آئے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت اجاگر کی۔
دونوں جانب سے ریجنل فور فریم ورک کے تحت مشاورت جاری رکھنے، باہمی دلچسپی کے امور پر رابطہ بڑھانے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون و مؤثر کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار کی فلسطین کے مستقل مبصر ریاض منصور سے ملاقات
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں فلسطین کے اقوام متحدہ کیلئے مستقل مبصر سفیر ریاض منصور سے ملاقات کی۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Muhammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 met with Permanent Observer of Palestine to the United Nations Ambassador Riyad Mansour at the UN Headquarters in New York today.
DPM/FM reaffirmed Pakistan’s unwavering support for the Palestinian… pic.twitter.com/3EPYv1bx53
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 21, 2026
ملاقات میں نائب وزیراعظم نے فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ایک آزاد، متحد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے حق کی بھی حمایت کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور دیگر متعلقہ عالمی فورمز پر فلسطین کا مسئلہ بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ ملاقاتوں سمیت تمام سفارتی پلیٹ فارمز پر غزہ میں جاری انسانی تکالیف کے فوری خاتمے اور منصفانہ و پائیدار امن کیلئے عالمی کوششوں کو آگے بڑھاتا رہے گا۔



