قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے خلیجی ممالک اور ایران کو مشترکہ علاقائی سکیورٹی فریم ورک میں شامل کرنے پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں جنرل اسمبلی کے موقع پر قطر اکنامک فورم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا ہمسایہ، امریکا اسٹریٹجک اتحادی اور خلیج ہمارا قدرتی سکیورٹی اتحاد ہے۔
آل ثانی نے مزید کہا کہ ہمیں سمجھنا ہو گا کہ جب تک ایسا سکیورٹی فریم ورک قائم نہیں ہوتا جو خلیجی ممالک اور ایران کو ایک ساتھ لائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ہم میں سے کوئی ایک دوسرے کے لیے خطرہ نہ بنے، اس خطے میں صورتحال معمول پر نہیں آ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ذمہ داری کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا اور اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ ہمارے ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں اور ایران کے بھی خلیجی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں۔
Qatar’s Prime Minister:
Iran is our neighbor, the United States is our strategic ally, and the Gulf is our natural security coalition. And basically, what’s happening right now is not only affecting Qatar or the region, but it has its impact on global security.
Our efforts have continued until now. We are trying to convey messages between the parties, but also we need to acknowledge that this conflict is very complex.
And unfortunately, the developments and the events that we are witnessing every day are very reactive events, and they are changing the course of the negotiations. They are changing the direction.
There is no clear master strategy that we are following in order to put an end to this. And that’s basically what we are missing today.
— Clash Report (@clashreport) September 21, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال قطر اور خطے سمیت عالمی سلامتی کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ روزانہ کے واقعات مذاکرات کی سمت تبدیل کر رہے ہیں، تنازع کے خاتمے کیلئے واضح جامع حکمت عملی موجود نہیں، بنیادی طور پر یہی وہ چیز ہے جس کی آج ہمیں کمی محسوس ہو رہی ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا کہ ہم فریقین کے درمیان پیغامات پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا ہو گا کہ یہ تنازع انتہائی پیچیدہ ہے۔
“قطر کشیدگی کم کرنے کیلئے شراکت داروں کیساتھ کام کرے گا”
قطری وزیراعظم نے کہا کہ قطر ثالثی کی کوششیں جاری اور رابطے کے ذرائع برقرار رکھے گا اور کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ کام کرے گا۔
قطری وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی رہنما اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ اور اس کے خطے پر پڑنے والے اثرات خلیجی ممالک کو درپیش اہم ترین معاملات میں شامل ہیں۔



