نیوزی لینڈ کرکٹ نے راچن رویندرا کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آکلینڈ میں پروموشنل شوٹ کے دوران راچن رویندرا کے دائیں کندھے میں ڈائیونگ کیچ لیتے ہوئے چوٹ لگی۔ تاہم ابتدائی طور پر کسی بڑی چوٹ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
26 سالہ راچن رویندرا نیوزی لینڈ کے اہم آل راؤنڈرز میں شامل ہیں۔ وہ ٹاپ یا مڈل آرڈر میں بیٹنگ کے ساتھ بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ بھی کرتے ہیں اور اب تک نیوزی لینڈ کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں 115 بین الاقوامی میچز کھیل چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے پرفارمنس منیجر مائیک سینڈل نے کہا ہے کہ ہم راچن کے لیے افسردہ ہیں، شوٹنگ کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے، مستقبل میں اس طرح کے ایونٹس سے متعلق اپنے طریقہ کار کا جائزہ لیتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ 22 اکتوبر سے بھارت کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی کرے گا۔
رویندرا گزشتہ سال قذافی اسٹیڈیم میں کیچ لینے کوشش کے دوران زخمی ہوئے تھے
یاد رہے گزشتہ سال لاہور میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں راچن رویندرا فیلڈنگ کے دوران گیند چہرے پر لگنے سے شدید زخمی ہوئے تھے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں رویندرا نے پاکستان کے خوشدل شاہ کے کھیلے گئے شارٹ پر کیچ لینے کی کوشش کی تاہم گیند براہ راست ان کے چہرے پر لگی۔
گیند لگنے کے بعد رویندرا کے چہرے سے خون نکلنے لگا وہ شدید تکلیف میں نظر آئے۔ انہیں فوری طبی امداد دینے کے بعد میدان سے باہر لے جانے کے لیے اسٹریچر لایا گیا، تاہم وہ اپنے قدموں سے چلتے ہوئے میدان سے باہر آئے تھے۔



