ایشین گیمز ویمنز کرکٹ مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔
شوال ذوالفقار نے 50 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عائشہ ظفر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 71 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، کپتان فاطمہ ثنا نے 12 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔
سری لنکا نے 178 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان چماری اتھاپتھو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 83 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
حسینی پریرا نے 26 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہرشیتھا سماراوکرما 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
SRI LANKA WOMEN ARE INTO THE FINAL🇱🇰🔥 🏏
Sri Lanka qualify for the FINAL of the Asian Games Women’s Cricket Competition
🇱🇰 SL Women 181/2 (17.5 overs)
🇵🇰 Pakistan Women 177/4 pic.twitter.com/8S1HLLBBr0— Sri Lanka Tweet 🇱🇰 (@SriLankaTweet) September 20, 2026
سری لنکا نے ہدف 13 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا اس طرح 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کا امتحان
دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور بنگلہ دیش آمنے سامنے ہوں گے، دفاعی چیمپئن بھارت نے کوارٹر فائنل میں میزبان جاپان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی جبکہ بنگلہ دیش چین کے خلاف کوارٹر فائنل بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد بہتر آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں پہنچا۔
دونوں ٹیمیں حال ہی میں ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بھی آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں بھارت نے بنگلہ دیش کو 40 رنز سے شکست دی تھی۔
ایشین گیمز کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور بنگلہ دیش کا مقابلہ آج 20 ستمبر کو نِشِن، جاپان میں ہوگا جبکہ پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور سری لنکا مدمقابل تھے۔



