مانچسٹر: انگلینڈ نے سری لنکا کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکن ٹیم 18.5 اوورز میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے کمنڈو مینڈس نے 35 اور پاتھم نسانکا نے 36 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر، جوفرا آرچر اور ول جیکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ نے 125 رنز کا ہدف صرف 9.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان ہیری بروک نے 34 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پردو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انگلینڈ نے 62 گیندیں قبل ہی کامیابی حاصل کرلی۔
پہلے دو میچوں میں بھی سری لنکا کو شکست
تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 119 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 254 رنز بنائے تھے، جس میں ہیری بروک کی 114 رنز کی ناقابل شکست سنچری نمایاں رہی۔ جواب میں سری لنکا 19 اوورز میں 135 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔ سری لنکا نے 9 وکٹوں پر 145 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ نے ہدف 12.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ٹام بینٹن نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ لیام ڈاسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
🧹 SRI LANKA SWEPT ASIDE!
England seal a commanding 3–0 CLEAN SWEEP! 🔥
Three matches, three defeats—Sri Lanka had no answers to England’s dominance! 🏏💥#ENGvsSL pic.twitter.com/MfGFM0T4IT
— CricInformer (@CricInformer) September 19, 2026
یوں انگلینڈ نے سیریز کے تینوں میچ جیت کر تین صفر سے کلین سوئپ مکمل کرلیا، یہ سری لنکا کے خلاف انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مسلسل 15ویں کامیابی بھی ہے۔
جوز بٹلر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 15 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے
انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 15 ہزار رنز مکمل کرلیے، وہ مختصر ترین فارمیٹ کی تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔
بٹلر نے یہ کارنامہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجام دیا تھا ۔ 15 ہزار رنز مکمل کرنے کے ساتھ ہی بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جو 14,999 ٹی ٹوئنٹی رنز کے ساتھ اس فہرست میں سب سے آگے تھے، بٹلر نے یہ سنگِ میل 528 میچز میں حاصل کیا۔



