کینیڈا نے اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند غیر ملکی طلبا، خصوصاً ماسٹرز اور پی ایچ ڈی امیدواروں کے لیے اسٹڈی پرمٹ کا عمل آسان اور تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیڈین محکمہ امیگریشن کے مطابق پی ایچ ڈی امیدواروں کی اسٹڈی پرمٹ درخواستوں پر دو ہفتوں کے اندر فیصلہ کیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے تحت یکم جنوری 2026 سے پبلک اداروں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلبا کو صوبائی یا علاقائی تصدیقی خط کی شرط سے بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق گریجویٹ طلبا اپنے اہلخانہ کو بھی کینیڈا لا سکیں گے، جبکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ کے لیے بھی اہل ہوں گے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے مقابلے میں کینیڈا میں بین الاقوامی طلبا کی مجموعی تعداد میں ایک تہائی کمی ہوئی ہے، تاہم اسی عرصے میں گریجویٹ طلبا کا تناسب 12 فیصد سے بڑھ کر 21 فیصد ہوگیا۔
کینیڈین حکومت کے مطابق پالیسی میں تبدیلی کا مقصد دنیا بھر سے باصلاحیت طلبا اور بہترین محققین کو کینیڈا کی جانب راغب کرنا اور اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے شعبے میں ملک کی کشش برقرار رکھنا ہے۔


