انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
انگلش بلے باز نے سری لنکا کے خلاف کارڈف میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ تاریخی سنگ میل عبور کیا، بٹلر نے ایشان ملنگا کی گیند پر ایک رن لے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے 15 ہزار رنز مکمل کیے۔
اس سنگ میل کے ساتھ ہی جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
جوز بٹلر نے یہ کارنامہ 528 میچز میں انجام دیا، ان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اوسط 35.46 اور اسٹرائیک ریٹ 147.46 ہے، وہ اب تک 9 سنچریاں اور 107 نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں۔
کیرون پولارڈ 14 ہزار 999 رنز کے ساتھ فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، پولارڈ نے یہ رنز 754 میچز میں بنائے ہیں۔
انگلینڈ کے ہی الیکس ہیلز 14 ہزار 581 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، ہیلز نے یہ رنز 537 میچز میں بنائے۔
ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، انہوں نے یہ رنز 463 میچز میں اسکور کیے۔
Jos Buttler is in a league of his own 🫡 pic.twitter.com/x8FcGrMg0R
— England Cricket (@englandcricket) September 18, 2026
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 14 ہزار 284 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں، وارنر نے یہ مجموعہ 439 میچز میں حاصل کیا ہے۔
یوں جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 15 ہزار رنز کا منفرد سنگ میل عبور کرنے کے ساتھ ساتھ اس فارمیٹ میں مجموعی رنز کے اعتبار سے بھی عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔



