واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل اپنی حکومت کی 25 بڑی کامیابیاں گنواتے ہوئے امیگریشن، خارجہ پالیسی، تجارت اور معیشت سے متعلق اقدامات کو اپنی کارکردگی میں شامل کر لیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری طویل پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ امریکا کو تاریخ کی سب سے محفوظ سرحد فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے غیر قانونی امیگریشن میں کمی، پناہ گزینوں کی آمد محدود کرنے اور بڑے پیمانے پر ملک بدری کو حکومت کی کامیابیوں میں شمار کیا۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت ختم کر دی ہے اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس بھی اس اقدام کو اپنی نمایاں کامیابیوں میں شامل کرچکا ہے، تاہم ایران جنگ اور اس کے معاشی اثرات پر تنازع برقرار ہے۔
ٹرمپ نے تجارتی شراکت داروں پر عائد بھاری محصولات کو بھی نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد امریکی مینوفیکچرنگ کو واپس لانا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے یہ فہرست ایسے وقت میں جاری کی ہے جب نومبر کے مڈٹرم انتخابات قریب ہیں۔ ان کی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے دعووں میں بعض اعداد و شمار اور سرحدی صورتحال سے متعلق بیانات پر فیکٹ چیکرز نے اختلاف بھی کیا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر کا اپنے ایک بیان میں ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے یہ بتاتے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکا نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ جس کے تحت گرین لینڈ میں سلامتی اور دیگر تمام ضروریات کے حوالے سے امریکا کو مستقل کنٹرول حاصل ہو گا اور اس طرح امریکا کے تمام خدشات دور ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے پر امریکا کو کوئی خرچ نہیں اٹھانا پڑے گا، ہم نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے نمائندوں کے ساتھ مل کر اس بات کی ضمانت دی ہے کہ امریکا کو ہمیشہ کے لیے گرین لینڈ میں اپنی اور گرین لینڈ کی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہو گی۔




