سعودی سول ڈیفنس نے حوثیوں کے ممکنہ حملے کے پیش نظر دارالحکومت ریاض اور الخرج میں الرٹ جاری کر دیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ اقدام حوثی گروپ کے حملوں میں اضافے کے تناظر میں کیا گیا تاہم بعد میں الرٹ واپس لے لیا گیا، اس سے پہلے جمعے کی رات بھی سعودی عرب کے شہروں جدہ، طائف اور ینبوع میں خطرے کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔
یمن کے حوثیوں نے الزام لگایا تھا کہ یمنی دارالحکومت صنعا میں سعودی حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے، سعودی کارروائیوں کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔
سعودی حکومت نے العلا، خمیس مشیط ،جازان ، ابھا اور فرسان کے لیے بھی وارننگ جاری کی تاہم کچھ دیر بعد سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے وارننگ واپس لے لی گئی۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور مقیم افراد کو سوشل میڈیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر پیغامات یا معلومات شیئر کرنے سے قبل ان کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے کہ ایسی معلومات کو آگے منتقل نہ کریں جن کے درست ہونے کی تصدیق نہ ہوئی ہو۔
سعودی سول ڈیفنس نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ریاض شہر میں خطرہ ٹل گیا ہے ، شہری اپنی حفاظت کے لیے سول ڈیفنس کی ہدایات پر عمل جاری رکھیں، ایک جگہ پر جمع کرنے سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں 911 پر کال کریں۔
Alert: The danger has passed in Riyadh City. For your safety, continue following #CivilDefense instructions and avoid gathering and filming. In case of emergency, call (911). https://t.co/ye38UePFfk
— الدفاع المدني السعودي (@SaudiDCD) September 19, 2026
یمنی حوثیوں نے کچھ عرصے سے سعودی عرب پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حوثیوں نے چند روز قبل مکہ مکرمہ پر بھی ڈروں حملے کی کوشش کی تھی جسے سعودی فوجی اتحاد نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔
حوثیوں نے گزشتہ روز بھی سعودی عرب کے شہر طائف میں ڈرون حملے کی کوشش کی ، ڈرون کو فضا میں تباہ کیا گیا تاہم اس کا ملبہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے۔
بی بی سی کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملبہ گرنے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سعودی پریس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ فضا میں تباہ کیا گیا ڈرون حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا۔ واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص یمنی شہری ہے جبکہ زخمی ہونے والے دو افراد میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے۔



