ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی 61 ویں سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ منّت کی بالکونی میں آکر مداحوں کو روایتی انداز میں رات کے بجائے آج شام میں خوش آمدید کہا جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی سکیورٹی کے حوالے سے چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں۔
شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال ہزاروں مداح ممبئی میں ان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوتے ہیں اور رات 12 بجے اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر رہتے ہیں۔ اس موقع پر شاہ رخ خان عموماً اپنی بالکونی میں آکر ہاتھ ہلا کر مداحوں کے نعروں اور محبت کا جواب دیتے ہیں۔
تاہم اس سال یہ روایت برقرار نہ رہ سکی۔
بھارتی ٹی وی ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق سپر اسٹار عارضی طور پر اپنا گھر چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہوگئے تاہم آج دن گزرنے کے بعد انہوں نے منّت پر آکر اپنے مداحوں کو ان کی پیغامات اور محبتوں کا جواب دیا۔
فلم فیئر کے انسٹا گرام پر پوسٹ کی گئی ایک مختصر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان اپنی رہائش گاہ منت کی بالکونی پر ہاتھ ہلاکر مداحوں کو جواب دے رہے ہیں۔
View this post on Instagram
بھارتی میڈیا کے مطابق عارضی طور پر شاہ رخ خان کے گھر چھوڑنے کی وجہ وہاں کچھ تزئین و آرائش کا کام بتایا گیا ہے۔
شاہ رخ خان کی جانب سے سالگرہ پر اپنے مداحوں کو جواب دینے کی روایت برقرار نہ رکھنے پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان کی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا۔
فلم فیئر کی انسٹاگرام پوسٹ پر ایک کمنٹس میں صارف نے اسی حوالے سے کہا کہ ”آپ کی گلاس پروٹیکشن کہاں ہے؟“
Tomorrow, November 2nd is Bollywood King Shahrukh Khan’s birthday, so his fans are very happy.
His house Mannat is worth ₹200 crore and has a large screen in front of it for his fans.
It seems that due to security reasons, Shah Rukh Khan…1/2
— Subhajit Das (@SantaniSubhajit) November 1, 2026
گزشتہ رات سوشل میڈیا پر کئی صارفین کی جانب سے یہ پوسٹس بھی کی گئیں کہ شاہ رخ خان سکیورٹی کے پیش نظر بالکونی پر نہیں آئے۔ تاہم اداکار یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان یا وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ 18 اکتوبر کو بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں اداکار محفوظ رہے تاہم ان کے ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کی ذمہ داری مبینہ طورپرلارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی اور ساتھ ہی سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔
گزشتہ رات سے ہی ہزاروں کی تعداد میں مداح شاہ رخ خان کے گھر کے باہر جمع تھے، تاہم ان کی غیر موجودگی کے باعث انہیں مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیوں کہ اداکار کی رہائش گاہ کو ان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے بڑے بڑے پوسٹرز اور مناظر سے سجایا گیا تھا جبکہ ایک بڑی اسکرین پر شاہ رخ خان کا ہاتھ سے لکھا پیغام بھی دکھایا گیا۔
To the hearts that made him KING, a lot of love in return ❤️ #LoveLikeAKING
#KING in cinemas on 24.12.2026 https://t.co/q5eTCfOUz3
— Red Chillies Entertainment (@RedChilliesEnt) November 1, 2026
پیغام میں اداکار نے لکھا: ”آپ سب کی نیک تمناؤں اور محبت کا شکریہ۔ میری طرف سے بھی آپ سب کے لیے ڈھیروں محبت۔“
انہوں نے پیغام کے اختتام پر لکھا کہ ”بہت سارا پیار اور ایک بڑی سی جھپی۔“
فلم ’کنگ‘ کی تشہیر
شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر منّت کے باہر ان کی نئی فلم ’کنگ‘ کے مناظر بھی دکھائے گئے۔ اس کے ساتھ فلم کے دو مکالمے ”کنگ اکیلا کافی ہے“ اور ”ڈر نہیں، دہشت ہوں“ بھی نمایاں کیے گئے۔
اداکار کی سالگرہ کے موقع پر ان کی فلم ’کنگ‘ کا پہلا گانا ’تو مل جائے‘ بھی ریلیز کیا گیا، جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ دپیکا پڈوکون نظر آئیں گی۔ گانے میں اریجیت سنگھ، ایڈ شیرن اور مدھوبنتی باگچی کی آوازیں شامل ہیں۔
ہدایت کار سدھارتھ آنند کی یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم میں شاہ رخ خان پہلی مرتبہ اپنی بیٹی سوہانا خان کے ساتھ بھی اسکرین پر نظر آئیں گے۔ فلم کی کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، ابھیشیک بچن، ارشد وارثی، انیل کپور، جے دیپ اہلاوت اور راگھو جوئیال بھی شامل ہیں۔
