اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے شہر طائف پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طائف میں حوثی ڈرون حملے پر گہری تشویش ہے، حملے کے نتیجے میں ایک یمنی شہری جاں بحق، سعودی شہری اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا جبکہ پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون کو طائف کے اوپر تباہ کردیا گیا تاہم ڈرون کا ملبہ آبادی والے علاقوں میں گرا جس سے جانی نقصان کے ساتھ متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی (SPA) نے دعویٰ کیا ہے کہ فضا میں تباہ کیا گیا ڈرون حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا۔
سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اس نوعیت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مقررہ حفاظتی اور ہنگامی اقدامات فوری طورپرنافذ کردیے گئے ہیں۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے جبکہ واقعے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ معصوم انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی یہ اشتعال انگیزی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
طائف سمیت 3 سعودی شہروں پر حالیہ حملے
طائف پر تازہ ڈرون حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب سعودی عرب کے مختلف علاقوں پر حوثیوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق رواں ہفتے حوثیوں نے خمیس مشیط، ابہا اور طائف کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جن کے نتیجے میں 13 شہری زخمی اور متعدد رہائشی مکانات اور گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق طائف میں ہونے والی ہلاکت حالیہ حملوں میں سعودی عرب کی جانب سے رپورٹ کیا جانے والا پہلا جانی نقصان ہے جبکہ اس سے قبل متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔
خطے میں کشیدگی میں اضافہ
یمن میں حوثی گروپ اور سعودی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان کشیدگی ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے، حالیہ دنوں میں حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان حملوں اور جوابی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اس تنازع کا دائرہ بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب کے اہم بحری راستے تک بھی پھیلنے کے خدشات ہیں۔
Deeply concerned at the Houthi drone attack on Taif, which claimed the life of a Yemeni resident, injured a Saudi citizen and a Pakistani national (reportedly in critical condition).
Pakistan strongly condemns this provocation, which endangered innocent lives and threatens…— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) September 17, 2026
تازہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے مکہ مکرمہ کی جانب مبینہ حوثی ڈرون حملے کو بھی ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم حوثیوں نے مکہ کو نشانہ بنانے کی تردید کی تھی۔
پاکستان نے اس واقعے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
تازہ طائف حملے کے بعد پاکستان نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا اور معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالنا علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔



