اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 88 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 391 روپے 22 پیسے ہو گئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 62 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 421 روپے 45 پیسے پر پہنچ گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 17 ستمبر کے لیے کیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے کی طرح اس ہفتے بھی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ 2 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ
بدھ کیلئے حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 10 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 41 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔ جبکہ منگل کیلئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 42 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 10 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 17 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 21 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔
وزیراعظم کا عوام کیلئے پیٹرول میں خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام کیلئے خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کیا۔ جس میں موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا، جس سے انہیں ماہانہ 2 ہزار روپے تک فائدہ ہوگا۔ اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا یعنی انہیں ماہانہ 3 ہزار روپے تک کا فائدہ حاصل ہو گا۔


