اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے نوٹ کی بندش سے متعلق زیر گردش خبروں کی وضاحت جاری کردی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 10 روپے کے نوٹ کی بندش سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، اس حوالے سے عوام کسی افواہ پر کان نہ دھریں۔
اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کی نئے ڈیزائن کے نوٹوں سے متعلق تجویز وفاقی کابینہ میں زیر غور ہے، تاہم فی الحال کسی بھی مالیت کے نوٹ کی تبدیلی یا بندش کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
مرکزی بینک نے واضح کیا کہ نئے نوٹوں کے اجرا یا موجودہ نوٹوں کی بندش سے متعلق حتمی فیصلہ ہونے کی صورت میں اس حوالے سے باقاعدہ اطلاع دی جائے گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق معاملہ ابھی زیرِ غور ہے اور کسی بھی مالیت کے نوٹ کو تبدیل کرنے یا اس کا اجرا بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اگر ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو سرکاری ذرائع کے ذریعے عوام کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا اور بند کیے جانے والے نوٹ عوام کو تبدیل کرانے کے لیے مناسب وقت بھی دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 25 اگست کو اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت حسین نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کو بریفنگ دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر عنایت حسین نے بتایا تھا کہ اسٹیٹ بینک بڑھتے ہوئے طباعتی اخراجات کے باعث 10 روپے کے نوٹ کو مرحلہ وار واپس لینے پر غور کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک 5 ہزار روپے کے نوٹ کا نیا ڈیزائن بھی تیار کر رہا ہے تاکہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 10 روپے کے نوٹ کی ممکنہ بندش سے متعلق خبریں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر گردش کررہی تھیں۔



