اسلام آباد: انسداد دہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت کی اے ٹی سی عدالت میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے پاسپورٹ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے مقدمے کا فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے 24 اراکین قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم جاری کیا۔
اس سے قبل اسی عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پی ٹی آئی کے 3 اراکین قومی اسمبلی اور 12 اراکین صوبائی اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمے میں اراکین اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ جن اراکین کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ان میں شاہ احد، شیر علی ارباب، زبیر وزیر، بابر سلیم سواتی، محمد عثمان، آصف محسود اور عجب گل سمیت دیگر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کی تفتیش اور قانونی کارروائی کے سلسلے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری ضروری ہے، جس پر عدالت نے پولیس کی استدعا پر وارنٹ جاری کر دیئے۔
واضح رہے کہ 26 نومبر 2024 کو پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کیا گیا تھا، جس کے دوران شہر میں شدید کشیدگی پیدا ہوئی اور احتجاج کے شرکا اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے تھے۔ اس احتجاج کے حوالے سے متعدد مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے گئے تھے۔


