محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں کی سہولت کیلئے اہم اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہر ہفتے کے روز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ پاسپورٹس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہفتہ کے روز شہری اپنے تیار پاسپورٹس وصول کرسکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ہفتہ وار پاسپورٹ ڈلیوری کی یہ خصوصی سہولت دو ماہ تک جاری رہے گی، جس سے ان شہریوں کو بھی پاسپورٹ وصول کرنے میں آسانی ہوگی جو مصروفیات یا دیگر وجوہات کے باعث معمول کے دفتری اوقات میں کاؤنٹرز پر نہیں پہنچ سکتے۔
محکمہ پاسپورٹس کے مطابق شہری ہفتہ کے روز اپنے تیار پاسپورٹس متعلقہ ڈلیوری کاؤنٹرز سے وصول کرسکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو اضافی سہولت فراہم کرنا اور تیار پاسپورٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے میں شہریوں کو یہ بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ چھ ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کیے جانے والے پاسپورٹس حکومتی پالیسی کے مطابق تلف کیے جائیں گے۔
اس لیے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے تیار پاسپورٹس مقررہ مدت کے اندر وصول کرلیں۔



