اسلام آباد: سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے صارفین کے لیے جدید ہائبرڈ سولر واٹر ہیٹر متعارف کروا دیا، جو سولر انرجی کے ساتھ بجلی کے بیک اپ پر بھی کام کرتا ہے۔
ایس این جی پی ایل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ویڈیو میں اس نئے سسٹم کو متعارف کروایا گیا ہے۔ جسے عنوان دیا گیا ہے کہ “اب پانی گرم کرنا ہے سمجھداری سے”
کمپنی کے مطابق موسم خراب ہونے یا دھوپ کم ہونے کی صورت میں بھی بجلی کے ذریعے پانی گرم کرنے کی سہولت دستیاب رہے گی۔ ہائبرڈ سسٹم میں سولر اور الیکٹرک دونوں ذرائع سے پانی گرم کیا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ واٹر ہیٹر میں وائی فائی کے ذریعے درجہ حرارت اور ہیٹنگ کنٹرول کرنے کی سہولت موجود ہے، جبکہ اس میں 200 لیٹر پانی ذخیرہ کیا جاسکتا ہے اور پانی کو 24 گھنٹے تک گرم رکھنے کی صلاحیت بھی ہے۔
ایس این جی پی ایل کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم گھریلو صارفین کے علاوہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، اسپتالوں اور لانڈریز کے لیے بھی موزوں ہے۔
سوئی ناردرن کا سولر واٹر ہیٹر ۔ پہلے آئیے پہلے پائیے! pic.twitter.com/5EmmJeOEMQ
— SNGPL Official (@SNGPLofficial) September 14, 2026
کمپنی کے مطابق ہائبرڈ سولر واٹر ہیٹر کی قیمت ایک لاکھ 28 ہزار 893 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ شپنگ اور انسٹالیشن مفت فراہم کی جائے گی۔ صارفین کے لیے 12 ماہ کی بلا سود اقساط کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
مزید معلومات یا آرڈر کے لیے صارفین کو 1199 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


