تہران: اسپیکرایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ 200 راتوں سے سڑکوں پر ایرانی عوام کی موجودگی نے دشمن کی شکست ثابت کردی ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی (IRIB) کے مطابق باقرقالیباف نے کہا کہ دشمن نے سوچا تھا کہ فوجی جارحیت کے ذریعے ایرانی عوام کے حوصلے توڑے جا سکتے ہیں تاہم عوام نے اپنے بلند ہمت اورحوصلے سے اس سوچ کو غلط ثابت کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم ہی ایران کی طاقت کا بنیادی ذریعہ ہے، عوام کے عزم اور حوصلے نے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا ہے، ایران کی دفاعی صلاحیتیں عوام کے ایمان اورعزم سے جڑی ہوئی ہیں۔
اسپیکرایرانی پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ دشمن کی جانب سے فوجی دباؤ اورجارحیت کے باوجود ایرانی عوام کا عزم کمزور نہیں ہوا بلکہ عوام نے ملک کے دفاع اورخودمختاری کے لیے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کی حمایت صرف دفاعی محاذ تک محدود نہیں بلکہ ملک کی سفارتی کوششوں کو بھی عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے، ایران کی خارجہ پالیسی اورسفارتی اقدامات کے حوالے سے عوام کا اعتماد حکومت کے لیے اہم طاقت ہے۔
باقر قالیباف نے مزید کہا کہ دشمن نے یہ سمجھا تھا کہ فوجی جارحیت کے ذریعے ایرانی عوام کو خوفزدہ کرکے ان کے حوصلے پست کیے جاسکتے ہیں لیکن عوام کی مسلسل موجودگی اورثابت قدمی نے اس تاثر کو ختم کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کا ایمان، اتحاد اورعزم ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے، یہی جذبہ ایران کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مدد دے رہا ہے۔



