دبئی: ویمنز ایشیا کپ 2026 میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان آج اہم میچ کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ویمنز ایشیا کپ 2026 میں بھارت نے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کو بالترتیب 94 اور 137 رنز سے شکست دی ہے اور گروپ اے میں سرفہرست ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان نے اپنے واحد میچ میں تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کے خلاف اہم مقابلے سے قبل بھارتی آل راؤنڈر دپتی شرما نے اپنی ٹیم کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی توجہ حریف کے بجائے اپنی مضبوطیوں پر مرکوز ہے اور بھارتی ٹیم اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھتے ہوئے اچھے برانڈ کی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔
دپتی شرما نے پاکستان کے اسپن بولنگ اٹیک کی تعریف کرتے ہوئے خاص طور پر نشرہ سندھو اور سعدیہ یوسف کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باؤلرز اچھے ہیں تاہم بھارتی ٹیم اپنی حکمت عملی اور طاقت پر توجہ مرکوز رکھے گی۔
پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلوں کے باہمی ریکارڈ میں بھارت کو واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 17 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں، جن میں بھارت نے 14 جبکہ پاکستان نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی۔
دونوں ٹیمیں آج 5 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، جہاں پاکستان اور بھارت کی نظریں ایشیا کپ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنانے پر ہوں گی۔


