پاکستن کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کی ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت نے نہ صرف پاکستانی اور جنوبی ایشیائی سینما کو عالمی سطح پر اجاگر کیا بلکہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق اہم اعلان بھی توجہ کا مرکز بن گیا۔
اداکارہ نے کینیڈا میں جاری ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر دوبارہ ماں بننے کی خوشخبری کا اعلان کیا۔
ماہرہ خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنا بیبی بمپ (baby bump) دکھا رہی ہیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ہم منصوبے بناتے ہیں لیکن اللہ بہترین منصوبہ بندی کرنے والا ہے۔
ماہرہ خان اور سلیم کریم کا یہ پہلا بچہ ہو گا، جن سے انہوں نے اکتوبر 2023 میں شادی کی تھی۔ ماہرہ خان کا اپنے پہلے شوہر سے ایک بیٹا ‘اذلان’ بھی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ عمومی طور پر اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھتی ہیں، اس لیے ذاتی نوعیت کی کوئی بات ظاہر کرنا ان کے لیے قدرے پریشان کن ہوتا ہے۔ انہیں اپنے لباس کے حوالے سے بھی فکر تھی کیونکہ حاملہ ہونے اور ریڈ کارپٹ پر شرکت کا تجربہ مختلف تھا۔
ماہرہ خان نے اپنی موجودہ حمل کو پہلے حمل سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ ماں بنی تھیں تو ان کی عمر 24 سال تھی، جبکہ اب وہ 41 سال کی ہیں اور جذباتی اور جسمانی طور پر ایک مختلف خاتون ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 24 سال کی عمر میں حمل کے دوران ایک خاص بے فکری تھی، صحت اچھی تھی اور شاید وہ ان تمام چیزوں کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھیں جو ہو سکتی ہیں۔
اس سے قبل 2024 میں اداکارہ کے حاملہ ہونے کی افواہیں سامنے آئی تھیں جنہیں انہوں نے رد کر دیا تھا، تاہم اب انہوں نے باضابطہ طور پر خود اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔
ماہرہ خان اس سال ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کر رہی ہیں جہاں انہیں سینما کے لیے خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔
اداکارہ نے کہا کہ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ہمیشہ ان فیسٹیولز میں شامل رہا ہے جہاں وہ فلموں کو دیکھنے کے لیے منتظر رہی ہیں، اس لیے دعوت ملنا یقیناً خوش آئند ہے، تاہم اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر انہیں اس بات سے زیادہ خوشی ہے کہ انہیں پاکستان کے بارے میں ایک اہم جنوبی ایشیائی آواز کے طور پر بات کرنے کے لیے مدعو کیا گیا۔
ماہرہ خان کے مطابق پاکستان کی اپنی کہانیاں، شناخت اور سینما ہے اور ٹورنٹو جیسے پلیٹ فارم پر اس گفتگو کا حصہ بننا ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ انہوں نے “Your Mother Your Mother Your Mother” کا ٹریلر دیکھا تو انہیں فلم فوری طور پر پسند آئی، بعد میں معلوم ہوا کہ اس کے ہدایت کار باسام طارق پاکستانی نژاد فلم ساز ہیں، جس سے ان کی دلچسپی مزید بڑھ گئی۔



