ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل کے گھر میں چوری کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے قیمتی زیورات غائب ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے چوری کے الزام میں ایک گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا ہے، امیشا پٹیل کے ممبئی کے چرچ گیٹ کے علاقے میں واقع گھر میں ان کے والدین رہائش پذیر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گھر سے قیمتی زیورات غائب ہونے کے بعد اداکارہ کی والدہ آشا پٹیل نے پولیس سے رابطہ کیا اور شکایت درج کرائی۔
ممبئی پولیس کے مطابق زیورات چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کی جانے والی ملزمہ کی شناخت 40 سالہ سیما گھاٹے کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ تقریباً ڈیڑھ سال سے امیشا پٹیل کے والدین کے گھر میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔
پولیس کے مطابق آشا پٹیل کو سیما گھاٹے پر زیورات چوری میں ملوث ہونے کا شبہ تھا۔ اداکارہ کی والدہ نے مبینہ طور پر کئی ماہ تک ملازمہ سے زیورات واپس کرنے اور چوری کا اعتراف کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم قیمتی زیورات واپس نہیں کیے گئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آشا پٹیل تقریباً 5 سے 6 ماہ تک مبینہ طور پر سیما گھاٹے سے زیورات واپس کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں۔
جب زیورات واپس نہ کیے گئے تو انہوں نے بالآخر میرین ڈرائیو پولیس سے رجوع کیا اور واقعے کی باقاعدہ شکایت درج کرادی۔
شکایت موصول ہونے کے بعد میرین ڈرائیو پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کیں اور گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کو حراست میں لے لیا، پولیس نے مبینہ طور پر پوچھ گچھ کے بعد سیما گھاٹے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور چوری کیے گئے زیورات کی بازیابی کی کوشش کی جارہی ہے۔
حکام کی جانب سے یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ زیورات کس طرح گھر سے غائب ہوئے اور اس واردات میں کسی اور شخص کا کردار تو نہیں۔
گرفتار ملزمہ کو قانونی کارروائی کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے 15 ستمبر تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔



