لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا معروف صنعت کار کے بیٹے اذان جبار کے ساتھ نکاح کی پروقار تقریب جاتی امرا میں ہوئی۔
خاندانی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور دیگر اہم سیاسی و خاندانی شخصیات نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق نکاح کی تقریب ہفتہ کو شام 5 بجے جاتی امرا میں منعقد کی گئی، جس میں شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو مدعو کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر نکاح میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے، جبکہ نواز شریف، ماہ نور کے والد کیپٹن (ر) محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کے شوہر اذان جبار کا تعلق معروف کاروباری گھرانے سے ہے، ان کے والد جبار خالد ملک کے نامور صنعت کار ہیں اور ان کا خاندان فلور ملز کی صنعت سے وابستہ ہے۔
مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم اور گریجویشن مکمل کرکے وطن واپس لوٹی ہیں۔ مریم نواز بھی اپنی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں۔
مریم نواز نے لندن میں بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ان کے تینوں بچوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کرلی۔


