وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی پیداوار، ترسیل اور صارفین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ خطے کی حالیہ صورتحال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی، طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مجبوری میں لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خطے کی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ ملک کے کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ ہو۔
وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل سمیت دیگر مسائل پر عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم بھی دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے کے لیے قائم کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے اور انہیں ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی صارفین ہیلپ لائن 118 کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں، شکایت درج ہونے کے بعد صارف کو ٹوکن نمبر اور شکایت کے ازالے کے لیے متوقع وقت سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینیجمینٹ پر اہم جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
وزیراعظم نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا. وزیراعظم نے ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر اظہار برہمی کیا. وزیرِ… pic.twitter.com/dOqY2g25fd
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 11, 2026
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس وقت ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث بجلی کی فراہمی صرف ضلع راجن پور کے 6 صارفین کی متاثر ہوئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بارشوں کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔



