اسلام آباد، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹرگوہر نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز کے ذریعے رابطے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سے ہمارا رابطہ رہتا ہے تاہم اس کی تفصیلات میڈیا کے سامنے نہیں بتا سکتا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرنے کہا کہ حکومت سے رابطہ کبھی نہیں چھپایا گیا، تاہم فی الحال حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی کی مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری سمجھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے اور بات چیت کا اختیارمحمود اچکزئی اورعلامہ ناصرعباس کو دے رکھا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ 27 ستمبر کا احتجاج موخر کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، احتجاج وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں ہوگا۔
ان کے مطابق لانگ مارچ ملتوی کرنے کے لیے حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی، جبکہ احتجاج کا فیصلہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 27 ستمبرکے احتجاج میں تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی، دنیا کو بتائیں گے کہ ہم پُرامن لوگ ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے موصول ہونے والے خط پربیرسٹرگوہرنے کہا کہ وزیراعظم کا خط لکھنا اچھی بات ہے، اپوزیشن لیڈرکی جانب سے اس پرکوآرڈینیشن کی جارہی ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود 10 ماہ سے عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی۔
بیرسٹر گوہرنےکہا کہ پارلیمنٹ کے اندراپوزیشن مشترکہ لائحہ عمل اختیارکریگی، قومی معاملات پرتمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائیگا، جبکہ صوبوں کے معاملے سمیت اہم امور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے مشاورت کے بعد اختیار کیا جائے گا۔



