دورہ انگلینڈ کے دوران تیسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ ہونے والے قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کو نئی ذمہ داریاں مل گئیں۔
تفصیلات کے مطابق امام الحق اور محمد رضوان پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون اور کپ کیلئے منتخب ٹیموں میں شامل ہوگئے ہیں۔
مبینہ انکوائری کا سامنے کرنیوالےامام الحق کوآئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ( او جی ڈی سی ایل ) کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کوسوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل) کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے دونوں کھلاڑیوں پرتاحال کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی۔
دوسری جانب کپتان قومی ون ڈے ٹیم شاہین آفریدی خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل )کی نمائندگی کرینگے جبکہ شان مسعود سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی) کی کپتانی کے فرائض انجام دینگے۔
سلمان علی آغا کنگزمین اکیڈمی کے نائب کپتان ہونگے،حارث رؤف پی ٹی وی کی طرف سے کھیلیں گے۔ٹورنامنٹ کا آغاز 12 ستمبر سے ہوگا جبکہ فائنل 24 سے 28 اکتوبر 2026 تک کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم کیخلاف انکوائری
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد انکوائری شروع کر رکھی ہے۔
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر عامر میر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ بورڈ نے ڈسپلن اور کنڈکٹ سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد داخلی تادیبی تحقیقات شروع کی ہیں جن کا اس وقت اندرونی طور پر جائزہ لیا جارہا ہے۔
عامر میر کے مطابق پی سی بی ایسے معاملات کو اپنے معمول کے طریقہ کار کے مطابق دیکھتا ہے اور تحقیقات بورڈ کے ضوابط کے تحت کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران تمام متعلقہ افراد کو مناسب طور پر زیر غور لایا جارہا ہے۔
The Pakistan Cricket Board has initiated an internal disciplinary inquiry following media reports concerning discipline and conduct, which are currently being reviewed internally. The PCB handles such matters in accordance with its standard procedures. The process is being…
— Amir Mir (@AmirMirpcb) September 7, 2026
یہ پیش رفت پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کے بعد سامنے آئی ۔ قومی ٹیم اس وقت برمنگھم میں انگلینڈ کیخلاف تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اسکواڈ میں 7 کھلاڑیوں کو تبدیل کردیا تھا جن میں امام الحق اور محمد رضوان بھی شامل تھے اس کے علاوہ پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا تھا۔ دونوں کوچز نے ٹیم کے ساتھ صرف 6 میچز میں کام کیا تھا۔
پی سی بی نے اس کے بعد وائٹ بال ٹیم کے کوچز مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو عبوری طور پر قومی ٹیم کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔


